سرکاری کالجس کو ترجیح ، خانگی کالجس میں داخلے کے لیے عدم دلچسپی
حیدرآباد۔23 جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں انجینئرنگ کالجس کی نشستوں کے مخلوعہ رہنے کی شکایات کے بعد پالی ٹیکنیک کالجس بھی اس بات کی شکایت کرنے لگے ہیں کہ ان کے پاس موجود نشستیں پر نہیں ہورہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سال حال 18300 نشستیں مخلوعہ رہیں جن میں سرکاری و خانگی کالجس میں موجود نشستیں شامل ہیں۔ تفصیلات کے بموجب ریاست بھر میں موجود 220 سرکاری و خانگی پالی ٹیکنیک کالجس میں جملہ 52172 نشستیں موجود ہیں لیکن اس سال صرف 33865 طلبہ نے پالی ٹیکنیک میں داخلے حاصل کئے ہیں۔ سرکاری پالی ٹیکنیک کالجس میں داخلے حاصل کرنا طلبہ کی اولین ترجیح نظر آرہی ہے۔ خانگی کالجس میں داخلوں کے حصول میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی جارہی ہے۔ گزشتہ یوم پالی ٹیکنیک میں داخلوں کے لئے آخری مرحلہ کی ویب کونسلنگ کے بعد بھی تقریباً 17 ہزار نشستیں مخلوعہ رہیں۔ جبکہ سرکاری پالی ٹیکنیک کالجس میں 762 نشستیں مخلوعہ ہیں۔ داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ 23 تا 25 جولائی اپنے کالج میں رپورٹ کرسکتے ہیں جبکہ 27 جولائی سے تعلیمی سال کے آغاز کا محکمہ تکنیکی تعلیم نے فیصلہ کیا ہے۔