پالم بس سانحہ متاثرین کو انصاف کیلئے عزیز پاشاہ کی بھوک ہڑتال

حیدرآباد۔7جنوری(سیاست نیوز) سابق رکن پارلیمان جناب سید عزیزپاشاہ نے پالم بس سانحہ کا شکار متاثرین کوانصاف کے لیے بھوک ہڑتال شروع کردی ۔ اے آئی ٹی یو سی دفتر میں پیر کی شام سے بھوک ہڑتال کا آغاز عمل میں آیاجہاں پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عزیزپاشاہ نے کہاکہ چلو اسمبلی احتجاج کے ذریعہ سی پی ائی بس سانحہ متاثرین کے لئے انصاف کا مطالبہ کیا مگر پولیس نے سی پی آئی کے تمام احتجاجیوں کو حراست میں لے کر عابڈس پولیس اسٹیشن روانہ کردیا جہاں پر ضابطے کی تکمیل کے بعد ہم نے چیف منسٹر سے ملاقات کاوقت طلب کیا جس پر ہمیںشام چھ بجے ملاقات کا وقت دیا گیا مگر کافی انتظار کے بعد چیف منسٹر نے ملاقات سے انکار کردیا جس کے سبب چیف منسٹر کیمپ آفس پر سی پی آئی کے قائدین اور کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

جناب سید عزیزپاشاہ نے کہاکہ اس ملک میںجہاں پر ایک معصوم بچہ بورویل میں گر کر پھنس جاتا ہے وہا ںپر ریاست کا تمام انتظامیہ ‘ نیم فوجی دستے‘ چیف منسٹر کے علاوہ ریاست کے دیگر اعلی حکام کیمپ کرلیتے ہیں وہیں پر ناگہانی حادثہ میں 45لوگ جل کر خاکستر ہوجانے پر ریاستی انتظامیہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پالم بس سانحہ کے متاثرین کے ساتھ انصاف تک وہ اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔