حیدرآباد ۔ /26 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ حکومت تلنگانہ نے ہی پالمور لفٹ اریکیشن اسکیم کی تکمیل کو غیر یقینی بنا کر رکھ دیا ہے اور تلنگانہ حکومت میں وزارتی عہدوں پر فائز وزراء بالخصوص مسٹر جے کرشنا راؤ اپنی من مانی انداز میں دیگر پارٹی قائدین کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔ آج یہاں این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر آر چندرشیکھرریڈی سینئرقائد تلگودیشم پارٹی و سابق رکن پارلیمان نے یہ بات کہی اور بتایا کہ اگر حکومت تلنگانہ پالمور لفٹ اریکیشن اسیکم کے لئے ایک ہزار کروڑ روپئے فراہم کرنے کی صورت میں ضلع محبوب نگر کی زائد از 8 لاکھ ایکڑ اراضیات کو آبپاشی سہولتیں فراہم ہوسکتی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابق تلگودیشم دور حکومت کے دوران آبپاشی پراجکٹس کے لئے کتنی رقومات خرچ کی گئی اس کی مکمل تفصیلات آر ٹی آئی کے ذریعہ حاصل کردہ عداد کے دستاویزی ثبوت ایک مکتوب کے ذریعہ وزیر مصنوعات مسٹر جے کرشنا راؤ کو روانہ کی جا رہی ہیں ۔ مسٹر آر چندرشیکھرریڈی نے وزیر موصوف کے طرز عمل کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اہمیت کے حامل کاموں کو نظر انداز کر کے غیر ضروری امور کے تعلق سے حکومت اپنی توجہ مرکوز کر رہی ہے بلکہ غیر معمولی اہمیت دے رہی ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی پر الزام عائد کیا کہ وہ آہستہ آہستہ ریاست تلنگانہ سے دیگر سیاسی جماعتوں کا صفایہ کرنے کے اپنے ارادہ پر عمل آوری بالواسطہ طور پر شروع ہوچکی ہے ۔