انٹرپول، برطانیہ ، امریکہ ، متحدہ عرب امارات کو سی بی آئی کی اطلاعات پہونچائی گئی تھیں
نئی دہلی ۔ 18 جون۔(سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے آج کہا کہ پنجاب نیشنل بینک ( پی این بی ) کو تقریباً 13000 کروڑ روپئے کا دھوکہ دینے کے بعد مفرور جوہری نیرو مودی نے اپنے پاسپورٹ کی منسوخی کے بارے میں حکومت ہند کی طرف سے انٹرپول سنٹرل وینابیس پر 24 جنوری کو اطلاعات جاری کرنے بعد بھی مختلف ممالک کا سفر کیا ہے۔ سی بی آئی نے کہا کہ نیرومودی کے پاسپورٹ کی منسوخی کے بارے میں انٹرپول کے ذریعہ 15 فروری کو جاری کردہ نوٹس سے اُس نے معلومات کا تبادلہ کیا تھا ۔ سی بی آئی کے ترجمان ابھیشیک دیال نے کہاکہ ’’وزارت اُمور خارجہ کی طرف سے کسی پاسپورٹ کو منسوخ ؍ کالعدم کئے جانے کے بعد ہم نے نوٹس میں معلومات میں اضافہ کیا ۔ خبر یہ تھی کہ نیرو مودی کا پاسپورٹ 24 فبروری کو کالعدم کردیا گیا ہے ۔ اس کی تفصیلات انٹرپول کو پہونچادی گئی ہیں جو تمام رکن ممالک کیلئے دستیاب ہیں‘‘ ۔ انھوں نے کہاکہ سی بی آئی کی درخواست پر انٹرپول نوٹس کی اجرائی کے بعد اس ادارہ نے چھ ملکوں سے اس کا تبادلہ کیا جہاں نیرومودی مشتبہ طورپر فرار ہوا تھا ۔ سی بی آئی نے ان ممالک سے درخواست کی تھی کہ اس ( نیرو) کے اتہ پتہ اور نقل و حرکت کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کیا جائے ۔ ذرائع نے کہاکہ برطانوی انٹرپول رابطہ ایجنسی کو 25 اپریل ، 22 مئی ، 24 مئی اور 28 مئی کو سی بی آئی کی طرف سے یاد دہانی کروائی گئی تھی ۔ علاوہ ازیں سنگاپور ، امریکہ ، بلجیم ، متحدہ عرب امارات اورفرانس کے متعلقہ اداروں کو بھی ایسی ہی یاددہانی ارسال کئے گئے تھے ۔