نئی دہلی ۔ 10 نومبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت پاسپورٹ کی اجرائی کیلئے آدھار کو لازمی قرار دینے کا منصوبہ بنارہی ہے اور درخواست گذار کے مجرمین پس منظر کی جانچ کیلئے ایک موثر طریقہ کار کے سلسلے میں بھی غور و خوض جاری ہے ۔ آج وزارت داخلہ اور وزارت اُمور خارجہ کے اجلاس میں ان اُمور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزارت اُمور خارجہ یونیک آیڈنٹیفکیشن اتھاریٹی آنڈیا ( یو ڈی اے آئی ) کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے اور یہ عمل جاریہ ماہ کے ختم تک مکمل ہونے کی توقع ہے ۔ نئے طریقہ کار کے مطابق درخواست گذار کے پاس اگر آدھار کارڈ نہ ہو تو اُسے آدھار انرولمنٹ نمبر پیش کرنا ہوگا ۔ وزیراعظم نریندر مودی پاسپورٹ خدمات کو موثر اور شفاف بنانے کے حق میں ہیں اور اسی ضمن میں یہ اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ پاسپورٹ کیلئے پولیس تنقیح کے سلسلے میں حکومت کو متعدد شکایات موصول ہوتی رہتی ہیں اور اس کی وجہ سے پاسپورٹ کی اجرائی میں تاخیر ہوا کرتی ہے ۔ وزارت اُمور خارجہ نے وزارت داخلہ کے تحت نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے ساتھ بھی بات چیت کی اور بیورو نے توثیق کی ہے کہ وہ درخواست گذار کے مجرمین پس منظر کی تنقیح کے لئے ایک موثر سسٹم وضع کرے گا ۔