محکمہ پولیس میں 7444 درخواستیں زیر تصفیہ، 12ڈسمبر تک یکسوئی کی ہدایت: جوائنٹ کمشنر ناگی ریڈی
حیدرآباد۔/3ڈسمبر، ( سیاست نیوز) زیر التواء پاسپورٹ درخواستوں کی یکسوئی کیلئے حیدرآباد سٹی پولیس اسپیشل برانچ نے آج خصوصی مہم کا آغاز کیا۔ اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے جوائنٹ کمشنر پولیس مسٹر وائی ناگی ریڈی نے کہا کہ جاریہ سال 2ڈسمبر تک7444 پاسپورٹ درخواستیں زیر التواء ہیں اور ان درخواستوں کی یکسوئی کیلئے اسپیشل برانچ عملے کو اندرون 12ڈسمبر پاسپورٹ درخواستوں کی تنقیح کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سال2007 میں اسپیشل برانچ نے پاسپورٹ ویریفکیشن سیل قائم کیا تھا جس کے ذریعہ ریجنل پاسپورٹ آفس حیدرآباد سے موصول ہونے والی پاسپورٹ درخواستیں متعلقہ زونس کو روانہ کی جاتی ہیں۔ جاریہ سال کے اختتام سے قبل زیر التواء تمام پاسپورٹ درخواستوں کی یکسوئی کیلئے خصوصی مہم چلائی جارہی ہے جس کیلئے 150 فیلڈ آفیسرس کو متعین کیا جارہا ہے۔ مسٹر ناگی ریڈی نے بتایا کہ درخواست گذاروں کو اطلاع دی گئی ہے کہ خصوصی مہم کے تحت اسپیشل برانچ عملہ عنقریب درخواست گذاروں کے مکان پہنچ کر کارروائی مکمل کریں گے اور درخواست گذاروں کو مشورہ دیا کہ وہ درکار دستاویزات کے ساتھ موجود رہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس خصوصی مہم کے تحت تمام اسپیشل برانچ عملے کو شامل کیا جارہا ہے اور شعبہ کے تمام عہدیداروں کی نگرانی میں زیر التواء درخواستوں کی 12 ڈسمبر تک یکسوئی کیلئے ہدایت دی گئی ہے۔ مسٹر ناگی ریڈی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ تنقیح کیلئے آنے والے اسپیشل برانچ عملے کو کسی بھی قسم کا کوئی خرچ نہ دیں چونکہ سٹی پولیس کی جانب سے درخواستوں کی تنقیح کی کارروائی مفت کی جاتی ہے۔