پٹنہ ۔ 20 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر بہار نتیش کمار کا اُن کے ستائشی تبصرہ کے لئے شکریہ ادا کرتے ہوئے صدر لوک جن شکتی پارٹی ( ایل جے پی ) رام ولاس پاسوان نے آج کہا کہ اُن کی پارٹی کانگریس کے ساتھ ہے اور اتحاد کے بارے میں اپنے فیصلے کے مطابق عمل کرے گی ۔ ’’میں چیف منسٹر کا اُن کی جانب سے احترام اور ستائشی الفاظ کے لئے شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ ہم پرانے دوست ہیں ‘‘ ۔
پاسوان نے چیف منسٹر کے دن میں قبل ازیں کئے گئے تبصرہ پر اپنے ردعمل میں پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی ۔ انھوں نے نتیش کے بارے میں کہا کہ ہمارے درمیان اصولوں کی بنیاد پر اختلافات رہے ہیں لیکن کبھی بھی شخصی معاملوں میں کوئی تلخی نہیں ہوئی ۔ اتحاد کے مسئلے پر پاسوان نے کہا کہ ایل جے پی کانگریس کے ساتھ ہے اور انتخابی اتحاد پر کئے گئے اپنے فیصلے کے مطابق آگے بڑھے گی ۔ انھوں نے مزید کہا کہ کانگریس کا اتحاد سے متعلق فیصلہ ہمیں قابل قبول رہے گا ۔