پاسداران انقلاب ایران کے محافظ :روحانی

تہران۔ 9 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایرانی صدر حسن روحانی نے ’اسلامک ریوولیوشنری گارڈز ‘ یا ’پاسداران انقلابِ اسلامی‘ کو ایران کے محافظ قرار دیتے ہوئے امریکی فیصلے کے خلاف اُن کا دفاع کیا ہے۔ امریکہ نے گزشتہ روز پاسداران انقلاب کو ایک ’غیر ملکی دہشت گرد تنظیم‘ قرار دے دیا تھا۔ ٹی وی پر نشر کردہ اپنے ایک خطاب میں روحانی نے کہا کہ ان پاسداران نے ایرانی عوام کی زندگیاں بچانے کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ امریکہ پاسداران انقلاب کے خلاف عناد رکھتا ہے اور اسی باعث اس نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ روحانی نے امریکہ کو ’عالمی دہشت گردی کا سربراہ‘ بھی قرار دیا۔ امریکی فیصلے کے رد عمل میں ایران نے بھی امریکی فوج کو ایک ’دہشت گرد تنظیم‘ قرار دے دیا ہے۔ دریں اثناء سعودی عرب نے ایران کے پاسداران انقلاب کو ایک ’غیر ملکی دہشت گرد تنظیم‘ قرار دینے کے امریکی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔