پارکوں کے تحفظ کا فیصلہ، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا منصوبہ

ناجائز قبضوں کیخلاف جدت لانے کا عزم، حصاربندی بھی ہوگی : کمشنر جناردھن ریڈی
حیدرآباد 5 جنوری (سیاست نیوز) شہر کے حدود میں پائے جانے والے پارکس کو قبضوں سے پاک کرنے کے لئے بلدیہ نے بالآخر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امکان ہے کہ بہت جلد اہم بڑے پارکوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے علاوہ لدیہ نے تمام پارکس کی حد بندی اور حصاربندی کا فیصلہ کیا ہے۔ بلدی ذرائع کے مطابق پارکوں پر ناجائز قبضوں کے تعلق سے عدالتوں میں زیرالتواء مقدمات پر فوری جوابی حلفنامہ داخل کیا جائے گا۔ کمشنر ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے ہر پارک میں پانی کا انتظام کرنے کی ہدایت دی۔ کہا گیا ہے کہ پارکوں کی ترقی اور انتظامات کے لئے اداروں یا پھر افراد دلچسپی دیکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ کمشنر نے آج اس خصوص میں سندریا وگنانا کیندرم پارک میں موجودہ سہولیات میں مزید اضافہ کا حکم دیا اور اونتی نگر پارک کے دورہ کے موقع پر اسکولی طلبہ سے کمشنر نے بات چیت کی اور انھیں بلدیہ کی جانب سے فراہم کئے جارہے کچرے کے دو ڈبوں کے تعلق سے سمجھایا اور اپنے مقامات بالخصوص اپنے مکانات میں صفائی اور کچرے کی نکاسی کے لئے جاری کوششوں کے تعلق سے شعور بیدار کرنے طلبہ کو تلقین کی اور اسکولی طلبہ کو بتایا کہ گھر گھر بلدیہ کی جانب سے کچرے کے ڈبوں کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے۔ اس پروگرام میں منڈل زون کمشنر گورو اپل ایڈیشنل کمشنر مسٹر روی کرن و دیگر موجود تھے۔