پارکنگ مافیا کے بعد ہورڈنگ مافیا کا راج

سرکاری عہدیداروں کی سرپرستی ، شعور بیداری کے نام پر بڑے بڑے فلیکس آویزاں
حیدرآباد۔یکم جون (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں اب تک پارکنگ مافیا کے علاوہ دیگ مافیا سرگرمیوں کے واقعات منظر عام پر آچکے ہیں لیکن اب حیدرآباد میں ہورڈنگ مافیا بھی سرگرم ہو چکا ہے۔ اب تک شہر کے مختلف مقامات پر تاجرین کی جانب سے اپنے مقامات پر بڑے فلیکس بورڈ آویزاں کیا کرتے تھے لیکن اب یہ معاملہ اپنے مقامات کی حد تک محدود نہیں رہا بلکہ ان معاملوں میں اب سرکاری عہدیداروں کی سرپرستی رکھنے والے عناصر مافیا کے طرز پر کام کر رہے ہیں اور ان کے ان کاموں پر محکمہ جاتی کارہائے نمایاں کی تشہیر کی چادر اور شعور بیداری کا نام دیا جا رہا ہے۔ حیدرآباد ہائی کورٹ کی جانب سے شہر میں موجود غیر مجاز ہورڈنگس اور فلیکس نکالنے کے احکامات کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے کچھ دنوں تک سرگرمی دکھائی لیکن پھر خاموشی اختیار کرلی گئی اور ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود پرانے شہر میں موجود غیر مجاز ہورڈنگس اور فلیکس کو نہیں نکالا گیا۔ ذرائع کے بموجب سیاسی جماعتوں کے ہورڈنگس ہٹانے سے سیاسی کارکن روک رہے ہیں اور عہدیدار سیاسی دباؤ کے تحت خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ شہر حیدرآباد میں اب عصری الکٹرانک ہورڈنگ مافیا کی سرگرمیاں شروع ہوئی ہیں

 

جنہیں روکنے کے بجائے انہیں بعض محکمہ جات کی سرپرستی حاصل ہے۔ عہدیداروں سے قربت رکھتے ہوئے اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے والے افراد نہ صرف عوام کی نظر میں مشکوک ہوتے ہیں بلکہ اس طرح کی سرگرمیوں میں عہدیداروں کی مدد حاصل کرتے ہوئے ان کی بدنامی کا بھی سبب بننے لگتے ہیں۔ تاریخی چارمینار کے دامن میں لگائے جانے والے بے شمار غیر مجاز ہورڈنگس کو ہٹانا بلدی عہدیداروں کی ذمہ داری ہے اور ساتھ ہی محکموں کو گمراہ کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دہی کا شکار بنانے والے ہورڈنگ مافیا کے خلاف بھی فوری حرکت میں آنا چاہئے ۔ تاریخی چارمینار کے دامن میں لگائے گئے عصری ایل ای ڈی ہورڈنگ کے اجازت ناموں کے متعلق بلدی عہدیداروں نے واضح کردیا ہے کہ ان کی جانب سے کوئی اجازت نہیں دی گئی ہے اور نہ ہی دیگر محکمہ جات جیسے پولیس ‘ ٹریفک پولیس یا فائر ڈپارٹمنٹ سے این او سی حاصل کی گئی ہے۔ بلدی عہدیداروں نے بتایا کہ ملک میں سڑکوں پر ویڈیو اشتہار کی پابندی ہے اسی لئے بلدیہ کی جانب سے اجازت نامہ جاری کئے جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور نا دانستگی میں ایسا کسی عہدیدار نے کیا ہے تو اس کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔ علاوہ ازیں حالیہ دنوں میں تیز رفتار بارش اور ہواؤں کے سبب یونی پول گرنے کے بعد ہورڈنگس کے امور پر مزید بہتر انداز میں توجہ دینے کی ضرورت ہے اسی لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے اشتہاری قوانین میں مزید سختی لائے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔