دونوں شہروں میں 100 مقامات کی نشاندہی ، ٹریفک پولیس کے اقدامات
حیدرآباد ۔ 2 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر میں پارکنگ مافیا کی سرگرمیوں پر ضرب لگانے کے لیے محکمہ پولیس کی جانب سے مفت پارکنگ کی جگہوں کی نشاندہی کی جانے لگی ہے اور اس سلسلہ میں ٹریفک پولیس نے باضابطہ مفت پارکنگ کے بورڈ آویزاں کرنے شروع کردئیے ہیں ۔ شہر میں محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے 100 مقامات پر مفت پارکنگ کی جگہ فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ عوام کو پارکنگ مافیا کے چنگل سے بچایا جاسکے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ پارکنگ مافیا کی جانب سے من مانی پارکنگ فیس وصول کئے جانے کے سبب لوگ جابجا پارکنگ کررہے تھے جس کی وجہ سے ٹریفک کے آسان بہاؤ میں خلل پیدا ہورہا تھا ۔ دونوں شہروں میں فی الحال ایسے 30 مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے مفت پارکنگ کے بورڈ آویزاں کئے جاچکے ہیں اور مزید مقامات کی نشاندہی کا عمل جاری ہے ۔ تاریخی چارمینار کو بغرض سیاحت پہنچنے والے سیاحوں کو پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کے علاوہ پتھر گٹی اور مدینہ بلڈنگ میں خریداری کے لیے پہنچنے والے گاہکوں کو بھی مفت پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے جگہ کی نشاندہی کرلی گئی ہے ۔ پرانے شہر میں فلک نما رعیتو بازار ، شاہ علی بنڈہ کے علاوہ دیگر علاقوںمیں تجرباتی اساس پر یہ سہولت فراہم کی گئی ہے اور اسے مزید توسیع دیتے ہوئے مرکزی مقامات تک پہنچانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ محکمہ پولیس کی جانب سے کئے جانے والے اس اقدام کی بنیادی وجہ پارکنگ مافیا کی سرگرمیوں پر روک لگانا ہے ۔
شہر کے بیشتر مقامات پر پارکنگ مافیا کی سرگرمیوں کے متعلق حالیہ عرصہ میں متعدد شکایات موصول ہوچکی ہیں ۔ بعض مقامات پر تو خانگی افراد جی ایچ ایم سی کے پارکنگ ٹکٹ پر فیس وصول کرتے پائے گئے ہیں ان شکایات کے ازالہ کے لیے متعدد تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ جہاں تک ممکن ہوسکے اور جہاں جگہ دستیاب ہوں ان مقامات پر مفت پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ عوام کو راحت حاصل ہونے کے علاوہ پارکنگ مافیا پر کنٹرول کیا جاسکے ۔ مصروف علاقوں میں جہاں کہیں کھلی جگہ دستیاب ہوتی ہے ان مقامات پر مقامی با اثر افراد ان سرگرمیوں کا آغاز کردیتے ہیں جس پر روک لگانے کا کوئی میکانزم نہیں تھا ۔ حالیہ عرصہ میں پارکنگ کے معاملہ میں کچھ جھگڑے بھی ہوئے اور ان واقعات کے بعد پولیس نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے مفت پارکنگ کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جن مقامات پر مفت پارکنگ فراہم کی جارہی ہے ان علاقوں کی نگرانی اور پارک کی جانے والی گاڑیوں کی حفاظت کے علاوہ جگہ کو پاک و صاف رکھنے کے لیے بعض ایجنسیوں سے بات چیت کا عمل جاری ہے ۔ مفت پارکنگ کی سہولت پرانے شہر کے علاوہ نئے شہر کے علاقوں نامپلی ، مہدی پٹنم ، عابڈس ، بشیر باغ ، حمایت نگر کے علاوہ دیگر مقامات میں بھی فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ شہر میں اگر پارکنگ مافیا پر کنٹرول کرتے ہوئے پولیس اپنی نگرانی میں مفت پارکنگ کی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبہ کو قابل عمل بنانے میں سنجیدگی ظاہر کرتی ہے تو ایسی صورت میں بیشتر مقامات پر چلائے جارہے غیر قانونی پارکنگ لاٹس کو برخاست کیا جاسکتا ہے ۔۔