پارٹی یوم تاسیس تقاریب سادگی سے منائی جائیں گی

ٹی آر ایس کارگذار صدر کے ٹی آر کا بیان ‘ انتخابی ضابطہ اخلاق وجہ
حیدرآباد۔25اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی کی18ویں یوم تاسیس تقاریب سادہ طریقہ سے منعقد کی جائیں گی۔ ملک اور ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے سبب 27اپریل کو تلنگانہ راشٹر سمیتی کی یوم تاسیس تقاریب کا انعقاد دھوم دھام کے ساتھ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کاگذار صدر ٹی آر ایس مسٹر کے ٹی راماراؤ نے کہا کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی 18ویں یوم تاسیس تقریب کے موقع پر موضع کی سطح سے ریاستی سطح تک پرچم کشائی تقاریب منعقد کی جائیں گی اور ان تقاریب میں ریاستی وزراء‘ ارکان پارلیمان ‘ اسمبلی و قانون ساز کونسل کے علاوہ دیگر پارٹی قائدین شرکت کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ ریاست میں پارٹی کی یوم تاسیس تقاریب کے انعقاد کے سلسلہ میں قائدین سے مشاورت کی گئی ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے احترام میق ان تقاریب کو پرچم کشائی کی حد تک محدود رکھا جائے۔تلنگانہ راشٹر سمیتی کے قیام کے سلسلہ میں کے چندر شیکھر راؤ نے جو کوششیں کی تھیں اور حصول تلنگانہ کیلئے سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کیا تھا اس کو 17سال مکمل ہونے والے ہیں اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کی 18ویں یوم تاسیس تقریب سادہ رہیں گی لیکن انہیں پر اثر بنانے کی کوشش کی جائیگی۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ میں تمام منڈل و اضلاع کے علاوہ دارالحکومت میں تلنگانہ راشٹر سمیتی صدر دفتر واقع تلنگانہ بھون میں بھی پرچم کشائی تقریب منعقد کی جائے گی ۔