نئی دہلی 15 اگسٹ ( سیاست ڈآٹ کام ) بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے آج کہا کہ لال قلعہ پر پارٹی ورکر کی جانب سے قومی پرچم لہرایا جانا پارٹی کے دوسرے ورکرس کیلئے ایک اہم اور بڑا موقع ہے ۔ یہ واضح کرتے ہوئے ماضی میں اٹل بہاری واجپائی کی قیادت میں بھی بی جے پی حکومت رہی ہے مسٹر شاہ نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ بی جے پی کو اپنے طور پر اکثریت حاصل ہے ۔ انہوں نے پارٹی ہیڈکوارٹرس پر پرچم لہرانے کے بعد اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ ایک طویل وقت کے بعد بی جے پی ورکرس کیلئے اچھا دن آیا ہے ۔ ایک بی جے پی ورکر نے آج لال قلعہ پر قومی پرچم لہرایا ہے ۔ یہ ایک بڑا دن ہے ۔ حال ہی میں امیت شاہ کو پارٹی صدر بنایا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کو چاہئے کہ وہ نریندر مودی کی قیادت میں ملک کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ چلے ۔ وزیر اطلاعات و نشریات مسٹر پرکاش جاوڈیکر نے لال قلعہ سے وزیر اعظم مودی کی تقریر کی ستائش کی اور کہا کہ مودی نے دل سے یہ تقریر کی تھی اور اس تقریر نے ملک کے عوام کے دلوں کو چھولیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی تقریر بے مثال تھی اور اس سے جذبہ ملتا ہے ۔ انہوں نے سب کا ساتھ سب کا وکاس نعرہ کو حقیقی شکل دینے کیلئے ایک منصوبہ بھی پیش کردیا ہے ۔ انہوں نے لڑکیوں ‘ حقیقی گاؤوں ‘ صفائی اور امن ‘ یکجہتی اور اتحاد کے تعلق سے مودی کے تذکروں کی ستائش کی ۔ اس سوال پر کہ آیا قومی منصوبہ بنید کمیشن کی بجائے کوئی قومی ترقیاتی اور اصلاتی کمیشن قائم کیا جائیگا ‘ جس کی میڈیا میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں ‘ جاودیکر نے کہا کہ مجوزہ کمیشن کے تعلق سے تفصیلات کو ابھی قطعیت دی جا رہی ہے ۔ واضح رہے کہ مودی نے اپنی تقریر میں منصوبہ بندی کمیشن کو برخواست کردینے کا اعلان کیا ہے ۔