پارٹی سے منحرف ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ

تلگودیشم کے حلیف بی جے پی رکن اسمبلی وشنو کمار کے بیان پر سیاسی حلقوں میں سنسنی
حیدرآباد /25 جنوری ( سیاست نیوز ) ریاست آندھراپردیش میں تلگودیشم پارٹی کی حلیف جماعت بی جے پی سے وابستہ رکن اسمبلی مسٹر وشنو کمار راجو نے پارٹی سے انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے کا حیرت انگیز مطالبہ کرتے ہوئے سیاسی حلقوں میں نہ صرف سنسنی پھیلادی بلکہ نئی ہلچل مچادی ۔ ریاست آندھراپردیش میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور بی جے پی ملکر کام کرنے کے مسئلہ پر جاری مباحث کے دوران بی جے پی رکن اسمبلی اچانک وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے انحراف کئے ہوئے اور تلگودیشم پارٹی میں شامل ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ کرکے ریاست میں ایک نیا سیاسی تنازعہ پیدا کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ آج آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی کے احاطہ میں واقع وائی ایس آر کانگریس مقننہ پارٹی آفس میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی مسٹر بوتنا کے ساتھ رکن اسمبلی بی جے پی مسٹر وشنو کمار راجو نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نئے سیاسی تنازعہ کی راہ ہموار کی اور کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے انحراف کرکے تلگودیشم پارٹی میں شامل ہوکر وزارتی عہدوں پر فائز رہنا نہ صرف ناپسندیدہ ہے بلکہ قابل مذمت بات ہے ۔ مسٹر وشنو کمار راجو نے اپنا ا ظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے منحرف ارکان اسمبلی و وزارتی عہدوں پر فائز ہیں فی الفور وزارتی عہدوں سے مستعفی ہوجانا چاہئے ۔ بصورت دیگر پارٹی سے انحراف کرکے وزارتی عہدوں پر فائز ہونے سے متعلق ایک نیا قانون مرتب کرنا چاہئے ۔