پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے سرمائی سیشن کا منگل سے آغاز

خوشگوار انداز میں کارروائی یقینی بنانے کل جماعتی اجلاس کی طلبی
نئی دہلی ۔ 5 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن کے پہلے دن 11 ڈسمبر کو کل جماعتی اجلاس طلب کی ہیں تاکہ پرسکون اور خوشگوار انداز میں ایوان زیریں کی کارروائی چلانے کو یقینی بنایا جاسکے ۔ 11 ڈسمبر تا 8 جنوری جاری رہنے والا سرمائی سیشن 2019 ء کے لوک سبھا انتخابات سے قبل آخری مکمل اجلاس ہوگا ۔ یہ بھی ایک اتفاق ہے کہ پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے ضمن میں اس دن (11 ڈسمبر) کو ہی وونوں کی گنتی بھی ہوگی ۔ راجیہ سبھا کے صدرنشین ایم وینکیا نائیڈاور حکومت کی طرف سے بھی 10 ڈسمبر کو کل جماعتی اجلاس طلب کئے گئے ہیںجن کا مقصد ایوان کی کارروائی کو پرسکون انداز میں جاری رکھنے کیلئے مختلف جماعتوں سے تعاون طلب کرنا ہے۔ پانچ ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کے نتائج پر حکمراں بی جے پی اور اپوزیشن کانگریس اپنی تمام تر توانائی داؤ پر لگاچکے ہیں اور پارلیمانی کارروائی پر بھی ان نتائج کے اثرات مرتب ہونا یقینی معلوم ہوتا ہے ۔ حکومت راجیہ سبھا میں زیرالتواء ’طلاق ثلاثہ‘ بل کی منظوری کی کوشش کریگی ۔ تاہم اپوزیشن رافیل معاملت ، زرعی شعبہ کے بحران اور سی بی آئی کی کارکردگی جیسے مختلف مسائل اُٹھاسکتی ہے ۔