پارلیمنٹ کارروائی متاثر کرنے کی دھمکیاں مسترد : جیٹلی

نئی دہلی ۔ 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیرفینانس ارون جیٹلی نے للت مودی مسئلہ پر پارلیمنٹ کے مجوزہ مانسون سیشن میں ہنگامہ آرائی اور کام کاج متاثر ہونے کے اندیشوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ کچھ لوگ حکمرانی سے زیادہ ٹی وی چینلوں کو ترجیح دے سکتے ہیں۔ ارون جیٹلی نے ادعا کیا ہیکہ حصول اراضی قانون میں ترامیم کا بل اور جی ایس ٹی بل ترقی کیلئے اہمیت کے حامل ہیں اور انہیں امید ہیکہ کوئی بھی پارٹی ترقی اور ارتقاء کے خلاف موقف اختیار نہیں کرے گی۔ جیٹلی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ کچھ لوگ ٹیلی ویژن چینلس سے زیادہ دلچسپی اور تعلق رکھتے ہوں لیکن ان کو مرکز میں حکمرانی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان سے اس امکان پر سوال کیا گیا تھا کہ شاید اپوزیشن جماعتیں للت مودی مسئلہ پر ایوان میں ہنگامہ آرائی کریں اور ایوان کے کام کاج میں خلل پیدا کیا جائے۔ اپوزیشن کا مطالبہ ہیکہ للت مودی معاملہ میں وزیرخارجہ سشماسوراج اور چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے سندھیا کو برطرف کیا جائے۔ ارون جیٹلی نے للت مودی تنازعہ پر راستہ تبصرہ سے گریز کیا ہے۔ اس تنازعہ میں خود جیٹلی کا نام بھی آیا ہے۔