پارلیمنٹ میں وزیراعظم کا 29روپئے میں لنچ

نئی دہلی۔2مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج بعض ارکان پارلیمنٹ کو حیران کردیا جب کہ وہ اچانک پارلیمنٹ کی کینٹن پہنچ کر ان میں شامل ہوگئے ۔ غالباً وہ پہلے شخص ہیں جو وزیراعظم کے عہدہ پر رہتے ہوئے لنچ کیلئے پارلیمنٹ کی کینٹن پہنچ گئے اور انہوں نے ویجیٹرین تھالی کیلئے 29روپئے ادا کئے ۔ تقریباً 18ارکان پارلیمنٹ اس وقت چھوٹے چھوٹے گروپس میں بیٹھے ہوئے مختلف میزوں پر کمرہ نمبر 70میں لنچ کررہے تھے جب کہ وزیراعظم بھی وہاں پہنچے ‘وہ سیدھے پہلی منزل پر واقع کینٹن میں گئے ‘ ارکان پارلیمنٹ نے ان کا خیرمقدم کیا ‘ ان میں سے چند ارکان نے اُن سے اپنا تعارف کروایا ۔ کینٹن کے ارکان عملہ کے بموجب وہ ایک میز پر بیٹھ گئے جہاں پہلے ہی سے تین ارکان پارلیمنٹ موجود تھے اور اپنے لئے کھانے کا آرڈر دیا ۔ کینٹن انچارج کے یہ سوال کرنے پر کیا انہیں کوئی خاص کھانا چاہیئے ‘ انہوں نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف حسب معمول ویجیٹرین کھانا کھائیں گے ۔ فوری ایک تھالی جس میں پالک کی سبزی ‘ راجمنا ‘ دال اور سلاد موجود تھا ‘ چاول اور تندوری روٹی کے ساتھ انہیں سربراہ کی گئی ‘ ان کا جملہ بل 29روپئے تھا ۔ انہوں نے 100روپئے کا نوٹ دیا اور 71روپئے واپس حاصل کئے ۔ ویٹر رما شنکر نے جو وزیراعظم کی خدمت پر مامور تھا کہا کہ انہوں نے بوتل کا پانی طلب نہیں کیا عام پانی ہی پیا ۔ وہ 20تا 25منٹ کینٹن میں رہے ۔ مودی کی میز پر جو دو ارکان پارلیمنٹ تھے ان کا تعلق گجرات سے تھا ۔ بعد ازاں مرکزی وزیر پیوش گوئل بھی کچھ دیر کیلئے ان میں شامل ہوگئے ۔ یہ ایک تاریخی موقع تھا اس کا احساس کرتے ہوئے کینٹن کے منیجر پروہت نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ تجاویز کی کتاب میں اپنی رائے تحریر کریں جو انہیں پیش کردی گئی ۔ انہوں نے تحریر کیا کہ ’’ان داتا‘ سکھی بھوا ‘‘ اور نیچے اپنے دستخط کردیئے ۔ پارلیمنٹ کے ذرائع کے بموجب یہ پہلی مرتبہ ہے جب کہ کسی وزیراعظم نے گاہک کی حیثیت سے کینٹن میں لنچ کیا ہے ۔ ایک بار راجیو گاندھی نے کینٹن میں کھانا کھایا تھا لیکن اُس وقت وہ وزیراعظم کے عہدہ پر نہیں تھے ۔