نئی دہلی۔ 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ میں آج متاثرین بھوپال گیاس سانحہ کی یاد منائی اور ان کے ورثا سے اظہار ہمدردی کیا۔ راجیہ سبھا میں صدرنشین حامد انصاری نے کہا کہ یہ سانحہ آج بھی رونگٹے کھڑے کردیتا ہے۔ جب ہمیں ان مصائب کی یاد آتی ہے جو بھوپال کے عوام کو برداشت کرنے پڑے تھے ، ان کی بچوں کی یاد آتی ہے جو اس سانحہ کے نتیجہ میں پیدائشی طور پر اپاہج اور مختلف عیوب کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زندہ بچ جانے والے متاثرین ہر اعتبار سے ناقابل ہوگئے ہیں۔ لوک سبھا میں اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا کہ ایوان گیاس کے اخراج سے متاثر ہونے والے عوام کی مدد کرنا چاہتا ہے اور ان کی مدد کا پابند عہد ہے۔ دونوں ایوانوں کے ارکان مہلوکین کے احترام میں چند منٹ خاموش کھڑے رہے ۔ مہلوکین کی تعداد 3,000 سے زیادہ ہے۔