سمرتی ایرانی کے جواب میں بی جے پی نے جیوترادتیہ سندھیا کیخلاف نوٹس پیش کی ۔ ایوان میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی
نئی دہلی ۔ یکم مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پارلیمنٹ میں تحریک مراعات شکنی کی جنگ چھڑ گئی ۔ کانگریس نے تحریک مراعات شکنی کے ذریعہ وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی کو نشانہ بنایا ہے اور بی جے پی نے جوابی وار کرتے ہوئے آج لوک سبھا میں اپوزیشن پارٹی کے چیف وہپ جیوترادتیہ سندھیا کو تحریک مراعات شکنی کا نشانہ بنایا ۔ پارٹی نے سندھیا کے وزیر بنڈارو دتاتریہ کیخلاف تحقیر آمیز ریمارکس پر شدید تنقید کی ۔ بی جے پی کے چیف وہپ ارجن رام میگھوال نے جیوترادتیہ سندھیا پر 24 فبروری کو ایوان کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا ، جس میں انھوں نے دتاتریہ پر الزام عائد کیا تھا کہ انھوں نے حیدرآباد یونیورسٹی کے دلت طالب علم روہت ویمولہ کو مخالف قوم ، نچلی ذات کا حامل اور انتہاپسند قرار دیا تھا ۔ میگھوال نے کہاکہ وہ اور دیگر کئی ارکان بشمول دتاتریہ نے سندھیا کے خلاف تحریک مراعات شکنی نوٹس پیش کی ہے ۔ آج انھوں نے یہ مسئلہ اُس وقت اُٹھایا جب کہ ایوان میں انا ڈی ایم کے ارکان سابق وزیر پی چدمبرم کے فرزند کارتی کیخلاف ایرسیل ۔ میکسیس مسئلہ پر کارروائی کیلئے ہنگامہ آرائی کررہے تھے ۔
بنڈارو دتاتریہ نے سندھیا پر اُن کی ہتک اور اُن کا وقار مجروح کرنے کا الزام عائد کیا ۔ دتاتریہ نے کہا کہ سندھیا نے مجھ سے منسوب ایسی باتیں کہیں جو کسی صورت مناسب نہیں تھی لہذا انھوں نے سندھیا کے خلاف تحریک مراعات شکنی نوٹس پیش کی ہے ۔ دتاتریہ نے کہاکہ انھوں نے روہت ویمولہ کے بارے میں کبھی ایسی باتیں نہیں کہی ۔ انھوں نے کہاکہ میری ماں پیاز فروخت کیا کرتی تھیں۔ انھوں نے او بی سی ، دلتوں کیلئے ہمیشہ جدوجہد کی ہے ۔ انھوں نے دلتوں کیلئے قربانیاں دی ۔ دتاتریہ نے اپنے انسان دوست پس منظر کے ساتھ ساتھ نچلی ذاتوں کیلئے اُن کے کاموں کا تذکرہ کیا ۔ اس دوران کانگریس ارکان بھی ایوان کے وسط میں پہونچ گئے اور سمرتی ایرانی کے خلاف تحریک مراعات شکنی کے بارے میں اسپیکر سے فیصلہ کا مطالبہ کیا۔ کے سی وینوگوپال نے اسپیکر سمترا مہاجن کو قواعد کی کتاب بتاتے ہوئے احتجاج کیا جس پر اسپیکر نے کہاکہ مجھے قواعد کی کتاب مت دکھائیے مجھے سب پتہ ہے ۔ انھوں نے ارکان کو اپنی نشستوں پر بیٹھ جانے اور ایوان کی کارروائی بحال کرنے کی کافی کوشش کی ۔
اس دوران انا ڈی ایم کے اور کانگریس ارکان نے اپنا احتجاج جاری رکھا جس کی بناء اسپیکر نے ایوان کی کارروائی ملتوی کردی ۔ سمرتی ایرانی کے خلاف کل بھی لوک سبھا میں تحریک مراعات شکنی کے مسئلہ پر کچھ دیر کیلئے ہنگامہ آرائی ہوئی تھی ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے جیسے ہی مرکزی بجٹ 2016-17 پیش کرنا شروع کیا اپوزیشن ارکان اُٹھ کھڑے ہوئے اور ایرانی کے خلاف روہت ویمولہ معاملے میں ایوان کو گمراہ کرنے کے سلسلے میں پیش کردہ تحریک مراعات شکنی نوٹس کا موقف معلوم کرنے کی کوشش کی تھی ۔ راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد نے یاد دہانی کرائی کہ کانگریس پارٹی نے سمرتی ایرانی کے خلاف تحریک پیش کی ہے ۔ انھوں نے اس کے موقف کے بارے میں جاننا چاہا ۔ قبل ازیں بال چندر مونگیکر (کانگریس) نے بھی سمرتی ایرانی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ صدرنشین حامد انصاری نے مونگیکر کو وقفہ سوالات کے دوران کوئی دوسرا مسئلہ اُٹھانے کی ہدایت دی۔