پارلیمنٹ خصوصی سشن کیلئے حکومت ذہن بدلے

اپوزیشن کو خوفزدہ کرنے مقدمات کا اندراج : کانگریس کا رد عمل
نئی دہلی 31 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت پر تصادم کی راہ پر ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس نے آج کہا کہ پارلیمنٹ کے خصوصی سشن کی طلبی کی بات اس وقت تک نہیں ہوسکتی جب تک حکومت اپنا ذہن نہیں بدل لیتی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے حصول اراضی آرڈیننس کی دوبارہ اجرائی سے گریز کے اعلان پر پارٹی نے کہا کہ مودی کو قوم سے معذرت خواہی کرنی چاہئے کیونکہ انہوں نے آرڈیننس کی اجرائی کے ذریعہ ملک کی ترقی کے 10 مہینے خراب کردئے ہیں۔ کانگریس نے اپوزیشن کو نشانہ بنانے سرکاری ایجنسیوں کے استعمال کے خلاف بھی وزیراعظم کو خبردار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس طرح سے نشانہ بنانے کی کوششوں کی تفصیلات کو جلد ہی منظرعام پر لایا جائیگا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پارٹی کے ترجمان آنند شرما نے کہا کہ اپوزیشن کو اس طرح کی حکمت عملی سے خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے تفصیل میں گئے بغیر کہا کہ کانگریس کے سابق چیف منسٹروں اور سابق وزرا کے خلاف سی بی آئی کی جانب سے مقدمات حادثاتی نہیں ہیں۔ سی بی آئی نے حال ہی میں سابق چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ اور سابق صدر پردیش کانگریس سچن پائلٹ کے خلاف حالیہ ایمبولنس اسکام کے سلسلہ میں مقدمات درج رجسٹر کئے ہیںاور تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔