پارلیمانی حلقہ میدک سے ٹی آر ایس امیدوار کی تائید

عثمانیہ طلبہ جے اے سی کا اعلان
حیدرآباد۔/28اگسٹ، ( سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی طلباء جے اے سی نے میدک لوک سبھا کے ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس امیدوار کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ عثمانیہ یونیورسٹی طلباء جے اے سی کے اجلاس میں اس سلسلہ میں فیصلہ کیا گیا۔ جے اے سی نے اعلان کیاکہ وہ لوک سبھا کے ضمنی چناؤ میں مخالف تلنگانہ بی جے پی امیدوار جگا ریڈی کی شکست کو یقینی بنائے گی۔ جے اے سی نے طلباء برادری سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ کی عزت نفس کے تحفظ کیلئے تلنگانہ کے ہر گاؤں سے میدک پہنچ کر ٹی آر ایس کے حق میں انتخابی مہم چلائیں۔ طلباء جے اے سی نے اعلان کیا کہ اگر فلم اسٹار پون کلیان بی جے پی امیدوار کے حق میں انتخابی مہم کیلئے میدک پہنچیں گے تو ان کی شدت سے مخالفت کی جائے گی۔ انہوں نے پون کلیان کے دورہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصہ میں جگا ریڈی پون کلیان کے حامیوں میں شمار کئے جانے لگے ہیں اور بی جے پی سے ٹکٹ کے حصول میں پون کلیان کا اہم رول بتایا جاتا ہے۔