پارلیمانی حلقہ جات حیدرآباد و سکندرآباد میں 41 لاکھ 77 ہزار رائے دہندے

۔3 ہزار 976 مراکز رائے دہی ، دانا کشور ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔10اپریل(سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی حدود میں موجود دو حلقہ جات پارلیمان حیدرآباد و سکندرآباد میں جملہ 41لاکھ 77ہزار رائے دہندے 3ہزار 976مراکز رائے دہی پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ مسٹر دانا کشور ضلع الکٹورل آفیسر نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہو ںنے بتایا کہ دونوں شہروں میں رائے دہی کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور رائے دہی کو پر امن بنانے کیلئے ہر مرکز رائے دہی پر خصوصی توجہ مبذول کی جا رہی ہے۔انہوں نے انتخابی عملہ کو رائے دہی کی اشیاء کی تقسیم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر جانبدارانہ اور شفاف رائے دہی کے انعقاد کیلئے انتخابی عملہ کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ مسٹر دانا کشور نے کہا کہ عام انتخابات کے پہلے مرحلہ میں ہونے والی رائے دہی کے دوران حلقہ پارلیمان حیدرآباد و سکندرآباد میں رائے دہی ہونے جا رہی ہے اور اس رائے دہی کے لئے وسیع پیمانے پر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ ضلع الکٹورل آفیسر نے دعوی کیا کہ تمام رائے دہندوں کو 100 فیصد ووٹر سلپس پہنچائے جا چکے ہیں۔ انہو ںنے تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ حلقہ پارلیمان حیدرآباد میں 19لاکھ 57ہزار رائے دہندے موجود ہیں جبکہ سکندرآباد میں 19لاکھ 68ہزار رائے دہندے فہرست رائے دہندگان میںشامل ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ انتخابی عملہ کی دو مرحلوں کی تربیت مکمل کی جا چکی ہے اور انہیں اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ رائے دہی کے آغاز سے قبل تمثیلی رائے دہی کو یقینی بنائیں تاکہ شکوک و شبہات کی کوئی گنجائش نہ رہے۔مسٹر دانا کشور نے کہا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں 18 ہزار 500 انتخابی عملہ کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ اس کے علاوہ 9000 پولیس اہلکار رائے دہی کو پر امن بنانے کیلئے مصروف رہیں گے۔ انہو ںنے مزید کہا کہ رائے دہی کے دن رضاکارانہ خدمات کے حصول کے لئے 2000 افراد کا انتخاب کیا گیا ہے تاکہ ہنگامی حالات میں ان کی خدمات حاصل کی جاسکیں۔مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ 1000نوجوانوں کو ویب کاسٹنگ کے لئے متعین کیا گیا ہے جبکہ 3000 جی ایچ ایم سی عملہ کو بھی اس ذمہ داری کی ادائیگی کے لئے مامور کیا جاچکا ہے۔ اس کے علاوہ 10 فیصد عملہ کو محفوظ رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال میں انہیں خدمات حوالہ کی جاسکیں۔جی ایچ ایم سی حدود میں 15مراکز کے ذریعہ انتخابی مواد اور الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی تقسیم کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے اور تمام مراکز پر اضافی سیکیورٹی تعینات کی جاچکی ہے۔