تہران ۔ یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران کے سرکاری خبررساں ادارہ ارنا کی اطلاعات کے بموجب صدر ایران حسن روحانی نے اعتدال پسند ۔ اصلاح پسند اتحاد کے جاریہ پارلیمانی انتخابات میں کامیابی کا خیرمقدم کیا ۔ یوم مئی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حسن روحانی نے رائے دہندوں کو مبارکباد دی کہ انہوں نے بہترین انتخاب کیا ہے ۔ جمعہ کے انتخابات اور فبروری میں اصلی رائے دہی میں ان کے انتخاب کی صدر ایران نے ستائش کی ۔ یہ اتحاد تین نشستوں پر اکثریت حاصل کرنے سے قاصر رہا ۔ ایرانی پارلیمنٹ میں 290نشستیں ہیں تاہم یہ سب سے بڑا پارلیمانی گروہ بن کر ابھرا کیونکہ اسے 143نشستیں حاصل ہوئیں ۔ کٹر افراد کو 86نشستوں اور آزاد امیدواروں کو 61نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ۔ اعتدال پسند ۔ اصلاح پسند گروپ روحانی کی تائید کرتا ہے اور گذشتہ سال عالمی طاقتوں سے طئے پائے ہوئے نیوکلیئر معاہدہ کی بھی تائید میں ہے ۔ ان کی پارلیمانی انتخابی کامیابی سے امکان ہے کہ حسن روحانی کے آئندہ سال مقرر صدارتی انتخابات میں کامیابی کے امکانات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔