مشینوں میں چھیڑ چھاڑ کے الزامات مسترد ، رجت کمار کا بیان
حیدرآباد۔ 23 جنوری (سیاست نیوز)چیف الکٹورل آفیسر رجت کمار نے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ لوک سبھا کے انتخابات بھی الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعہ کرائے جائینگے ۔ انہوں نے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے چھیڑ چھاڑ یا الٹ پھیر کو ناممکن قرار دیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر بھروسہ نہ کریں ۔ رجت کمار نے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے دوران بھی چند سیاسی جماعتوں نے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر شکوک کا اظہار کیا مگر کوئی اس کو ثابت نہیں کیا اور الکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر شکوک کا اظہار کرنے والی سیاسی جماعتوں سے استفسار کیا کہ وہ اس مسئلہ پر ہائیکورٹ سے رجوع کیوں نہیں ہوئے ۔