23 مئی کو رائے شماری کے موقع پر چوکسی کی ہدایت، 21 مئی کو راجیو گاندھی کی برسی ہر ضلع میں منائی جائے گی
حیدرآباد ۔ 16۔ مئی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے آج گاندھی بھون میں ضلع کانگریس صدور ، لوک سبھا انتخابات کے پارٹی امیدواروں اور سینئر قائدین کا اجلاس منعقد کیا ۔ اجلاس میں 23 مئی کو لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے موقع پر اختیار کی جانے والی چوکسی اور احتیاطی تدابیر پر بات چیت کی گئی ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ پارٹی امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ای وی ایم مشینوں کو محفوظ رکھنے کے مقامات کی مؤثر نگرانی کریں۔ اس کے علاوہ رائے شماری کے دن کاؤنٹنگ ایجنٹس کو مقرر کرنے کے بارے میں رہنمائی کی گئی۔ امیدواروں سے کہا گیا کہ وہ رائے شماری کی تکمیل تک چوکسی برقرار رکھیں۔ اتم کمار ریڈی نے 21 مئی کو راجیو گاندھی کی برسی کے انعقاد کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں پارٹی امیدواروں نے بہتر نتائج کی امید ظاہر کی۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ برسر اقتدار پارٹی کی جانب سے بے قاعدگیوں کے باوجود نتائج کانگریس کے حق میں بہتر رہیں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے پارٹی ضلع صدور کو ہدایت دی کہ 21 مئی کو راجیو گاندھی کی برسی تقاریب بڑے پیمانہ پر منعقد کی جائے ۔ ہر پارلیمانی حلقہ میں اس پروگرام کے ذریعہ عوام کی شمولیت کو یقینی بنایا گیا ۔ انہوں نے ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات کے موقع پر پارٹی امیدواروں سے حلفنامے حاصل کرنے کی ہدایت دی ۔ 27 مئی کو مجالس مقامی کے نتائج جاری ہوں گے جس کے بعد منڈل پرجا پریشد اور ضلع پرجا پریشد صدور کا انتخاب ہوگا۔ اس موقع پر کانگریس کے امیدواروں کو انحراف سے روکنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔