واشنگٹن ۔ 12 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ترکی میں دو سال تک قید رہنے والے ایک امریکی پادری کو بالآخر رہا کردیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں پادری اینڈریو برونسن کی رہائی کیلئے کوشش کرنے والے ایک شخص نے بتایا کہ شمالی کیرولینا سے تعلق رکھنے والے 50 سالہ پادری کو جمعہ کے روز ان کی عدالت میں آئندہ پیشی کے دوران رہا کردیا جائے گا۔ مذکورہ شخص نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر یہ بات بتائی کیونکہ رہائی سے متعلق تمام ضابطوں کو ہنوز قطعیت نہیں دی گئی ہے۔ ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ رہائی عمل میں نہ آئے۔ دوسری طرف اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھرنوریٹ نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ امریکہ کو توقع ہے پادری اینڈریو کو جلد ہی آزاد کردیا جائے گا تاہم اس تعلق سے وہ (نوریٹ) کسی معاہدہ کے بارے میں لاعلم ہیں۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بھی پادری کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے اور اس واقعہ نے امریکہ اور ترکی کے پہلے سے ہی کشیدہ تعلقات کو مزید بگاڑ دیا ہے۔ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے بھی کہاکہ انہیں پوری امید ہیکہ پادری اور ان کی اہلیہ کی جلد امریکہ واپسی ہوگی۔ اگر ترکی نے انہیں رہا کردیا تو یہ انسانیت کی بنیاد پر کیا جانے والا ایک اچھا فیصلہ ہوگا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ اینڈریو ان ہزاروں افراد میں شامل ہیں ۔جنہیں 2016ء میں صدر رجب طیب اردغان کے خلاف ایک ناکام بغاوت کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔