پابندی کے بعد شمالی کوریا سوچ سمجھ کر ہر فیصلہ کرے :چین

منیلا، 7اگست (سیاست ڈاٹ کام) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے متنازعہ نیوکلیئر اور میزائل پروگرام کی وجہ سے پہلے ہی الگ تھلگ پڑے شمالی کوریا سے ‘سوچ سمجھ کر ‘ فیصلہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔مسٹر وانگ نے یہ اپیل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے کل ایک قرارداد منظور کرکے شمالی کوریا پر نئی پابندیاں لگائے جانے کے بعد کی ہے ۔فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں علاقائی سیکورٹی فورم سے پہلے شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری ہانگ یو سے پابندیوں پر بات چیت کے بعد مسٹر وانگ نے یہ بات کہی۔ مسٹر وانگ نے کہا کہ یہ بات چیت دوست ملک شمالی کوریا کو صحیح اور ‘دانشمندی پر مبنی ‘ فیصلہ کرنے میں مدد کریگی۔مسٹر وانگ نے بتایا کہ کم جونگ انکی حکومت کیخلاف امریکہ کی فوجی کارروائی کا متبادل کھلا ہونے کے بعد اسکے حل کیلئے بات چیت جاری ہے ۔چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ جزیرہ نما کوریا کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے بات چیت ہی واحد مناسب متبادل ہے ۔منیلا میں 10آسیان ممالک کے اجلاس میں شرکت کیلئے آئے امریکہ کے وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے شمالی کوریا پر دباؤ بنانے کی مانگ کی ہے ۔اس سے پہلے 15 رکنی سلامتی کونسل نے امریکہ کی جانب سے تیار کی گئی ایک تجویز کو کل متفقہ طور پر منظور کر کے شمالی کوریا پر نئی پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے ۔ یہ کارروائی شمالی کوریا کی طرف سے جولائی ماہ میں دو بار بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرنے کی وجہ سے کی گئی ہے ۔