نئی دہلی۔ 3 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جیٹ ایرویز کے ٹورنٹو براہ بروسیلز جارہی پرواز کے 250 سے زائد مسافرین اضافی پائلٹ کی عدم دستیابی کے باعث اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر تقریباً 9 گھنٹے پھنسے رہے۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ طیارہ بروسلز کے لئے 3 بجے صبح پرواز کرنے والا تھا لیکن 12 بجے دن اس نے پرواز کی۔ جیٹ ایرویز نے کس طرح متبادل پائیلٹ کا انتظام کیا۔ جیٹ ایرویز نے مسافرین کو مطلع کیا کہ ریزرو پائلٹ کی عدم دستیابی کے باعث طیارہ کی پرواز نہیں ہوسکی ہے تاہم ایک اور عہدیدار نے کہا کہ ابتداء میں تکنیکی وجوہات کی بناء تاخیر ہوئی لیکن بعد میں عملہ کیلئے ڈیوٹی کی پابندی کا اطلاق ہوگیا۔ مقررہ قواعد کے مطابق طیارہ کے عملہ کو مخصوص ڈیوٹی اوقات سے زیادہ کام کرنے کی اجازت نہیں۔