پائلٹ محو خواب ، طیارہ حادثہ ٹل گیا

ممبئی ۔ 14 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : یہ ایک ایسا واقعہ ہے جو یقیناً پڑھنے والوں کو خوفزدہ کردے گا ۔ ممبئی سے برسلز کیلئے جیٹ ایرویز کا طیارہ ترکی کی حدود پرواز سے گزرنے کے دوران انقرہ ہوائی اسپیس میں 5000 فٹ نیچے آگیا کیوں کہ بوئنگ 777 کا کمانڈر محو خواب تھا اور اس کی معاون خاتون پائلٹ اپنے ٹیبلیٹ کے ساتھ مصروف تھی ۔ اس واقعہ کے بعد ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سیول ایوی ایشن (DGCA) نے انہیں خدمات سے معطل کردیا اور ان پر ڈیوٹی کے دوران لاپرواہی اور عدم توجہی کا الزام عائد کیا ۔ DGCA کی جانب سے دونوں کو طلب کیا گیا تھا جہاں خاتون پائلٹ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ٹیبلیٹ پر اتنی منہمک تھی کہ اسے یہ اندازہ ہی نہیں ہوا کہ طیارہ 5000 فیٹ نیچے آگیا ہے ۔ انقرہ اے ٹی سی کی جانب سے طیارہ کو کی گئی کال کے بعد معاون پائلٹ کو ہوش آیا اور انہوں نے طیارہ کو کنٹرول کیا ۔ ڈی جی سی اے اس بات کی تحقیقات کررہا ہے کہ آیا واقعہ کے وقت معاون خاتون پائلٹ سو رہی تھی یا نہیں ؟