حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : کارگزار صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی مسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ کے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات
سے دور رہنے کی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ان کے فرزند مسٹر کے ٹی راما راؤ نے ہدایت دی ہے بلکہ گریٹر حیدرآباد انتخابی مہم میں حصہ لینے پر بھی باقاعدہ طور پر پابندی عائد کردی ہے ۔ جس کی وجہ سے ہریش راؤ حیدرآباد بلدی انتخابات سے دوری اختیار کرتے ہوئے صرف ضلع میدک کے مختلف مقامات کے دورے کرنے میں ہی مصروف دکھائی دے رہے ہیں ۔ مسٹر ریونت ریڈی جنہوں نے ضلع میدک کے حلقہ پٹن چیرو میں تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے منظم کردہ جی ایچ ایم سی انتخابات کے سلسلہ میں انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے اپنے خطاب میں مذکورہ بات کہی اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی سے تلگو دیشم پارٹی سے شامل کردہ ارکان اسمبلی کو اسمبلی رکنیت سے مستعفی کروانے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جتنے بھی ارکان اسمبلی تلگو دیشم پارٹی ٹی آر ایس میں شامل ہوئے وہ تمام کے تمام تلگو دیشم پارٹی ٹکٹ پر منتخب ہوئے ۔ مسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر تلگو دیشم سے ٹی آر ایس میں شامل ہوئے ارکان اسمبلی دوبارہ ٹی آر ایس پارٹی سے منتخب ہو کر بتانے کی صورت میں انہوں نے سیاسی سنیاس لینے کا اعلان کیا ۔۔