آئی ٹی سرگرمیوں کو فروغ دینے عملی اقدامات کا آغاز ، وزیر آئی ٹی کے ٹی آر کا اسمبلی میں جواب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : وزیر آئی ٹی تلنگانہ کے ٹی آر نے کہا کہ ٹی ہب فیس II مکمل ہونے کے بعد یہ دنیا کا سب سے بڑا انکیوبیٹر ہوگا ۔ ریاست کے 5 شہروں میں آئی ٹی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز ہوگیا ہے ۔ آج اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ارکان اسمبلی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ عالمی تبدیلی کے پیش نظر ریاست میں آئی ٹی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ٹی ہب II فیس مکمل ہونے کے بعد یہ دنیا کا سب سے بڑا انکیوبیٹر کہلائے گا ۔ انکیو بیٹرس کے ساتھ شہرت یافتہ نیشنل و انٹرنیشنل سافٹ ویر اور ہارڈویر کمپنیوں کے ساتھ ٹی ہب کام کررہا ہے ۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے 5 شہروں محبوب نگر ، ورنگل ، کریم نگر ، کھمم ، نظام آباد میں آئی ٹی سرگرمیوں کو فروغ دیا جارہا ہے ۔ ٹی ہب ملک کا سب سے بڑا انکیوبیٹر ہے ۔ حکومت تلنگانہ ، گوا ، آسام اور دہلی میں آئی ٹی سرگرمیوں کی توسیع کے لیے تعاون کررہا ہے ۔ اسٹارٹ ایپ کے ذریعہ مستقبل میں بڑے پیمانے پر روزگار کے موقع فراہم ہوں گے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ کی آئی ٹی سرگرمیاں ملک کے لیے مثالی بنی ہوئی ہیں ۔ جونیر کالج سے تجربات کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ ٹی ہب نے اپنی کارکردگی کے دو سال مکمل کیے ہیں ملک کی مختلف ریاستیں اپنی اپنی ریاستوں میں آئی ٹی شعبہ کو فروغ دینے کے لیے ریاست تلنگانہ سے تعاون طلب کررہی ہیں ۔۔