ٹی پولٹیکل جے اے سی قائدین کی راجناتھ سنگھ سے ملاقات

علحدہ ریاست تلنگانہ بل کی تائید پر اظہار تشکر ، پروفیسر کودنڈا رام کا بیان

حیدرآباد۔/21فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین نے آج نئی دہلی میں بی جے پی کے قومی صدر راجناتھ سنگھ اور دیگر قائدین سے ملاقات کی اور علحدہ تلنگانہ بل کی تائید پر اظہار تشکر کیا۔ صدر نشین جے اے سی پروفیسر کودنڈا رام کی قیادت میں ایمپلائز جے اے سی اور دیگر قائدین نے راجناتھ سنگھ سے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں ریاست کی تقسیم کی تائید پر تلنگانہ عوام کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ پچاس برسوں سے تلنگانہ عوام ناانصافیوں کے خلاف علحدہ ریاست کی جو جدوجہد کررہے تھے بی جے پی نے اپنی تائید کے ذریعہ عوامی جذبات کا احترام کیا ہے۔ کودنڈا رام نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی نے تلنگانہ عوام سے کئے گئے وعدہ کی تکمیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریاست میں سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے عوام کو ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں گے۔ حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر علاقوں میں بسنے والے سیما آندھرا عوام کو اُلجھن کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

تلنگانہ کی حکومت انہیں مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔ کودنڈا رام نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے ساتھ ہی دونوں علاقوں کے عوام کو باہمی محبت اور بھائی چارہ کے ساتھ اپنے اپنے علاقے کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنی چاہیئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی ریاستوں میں عوام پہلے سے زیادہ ترقی کر پائیں گے۔ ایمپلائز جے اے سی قائدین دیوی پرساد اور سرینواس گوڑ نے بھی بی جے پی قائدین سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ سرکاری ملازمین نے بھی تلنگانہ تحریک میں نمایاں حصہ ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک کے دوران عوام اور سرکاری ملازمین سے جو وعدے کئے گئے تھے ان کی تکمیل کی جائے گی۔ توقع ہے کہ جے اے سی قائدین بل کی تائید کرنے والی دیگر جماعتوں کے قائدین سے بھی ملاقات کریں گے۔