ٹی ویالٹ سے آن لائن آر ٹی سی ریزرویشن ، خالی جگہوں کو لیز پر دینے کی تجویز

بس مسافروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات ، نرسا پور میں بس ڈپو کا سنگ بنیاد ، ٹی ہریش راؤ اور پی مہیندر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ریاستی وزیر آبپاشی ہریش راؤ اور ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی نے نرسا پور میں 10 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے بس ڈپو کا سنگ بنیاد رکھا ۔ ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی ، رکن پارلیمنٹ پربھاکر ریڈی ، رکن اسمبلی مدھو سدن ریڈی ، کونسل میں چیف وہپ پی سدھاکر ریڈی اور ضلع پریشد صدرنشین راجا منی اور دوسروں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مہیندر ریڈی نے کہا کہ ریاست میں اگرچہ نئے بس ڈپو کے قیام کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔ تاہم چیف منسٹر کے وعدہ پر عمل کرتے ہوئے نرسا پور میں ریاست کا 98 واں بس ڈپو قائم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بس ڈپو کی تعمیر کے بعد 26 بسوں اور 150 افراد پر مبنی عملہ کے ساتھ کام کا آغاز ہوگا۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ آر ٹی سی میں ٹی ویالٹ کے ذریعہ آن لائین ریزرویشن کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کو نقصان کے باوجود چیف منسٹر نے خدمات بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کی خالی اراضیات کو تجارتی اداروں کو لیز پر حوالہ کرتے ہوئے آمدنی میں اضافہ کی کوشش کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کے مو اقع حاصل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانے کیلئے حکومت نے کئی قدم اٹھائے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے بجٹ میں ایک ہزار کروڑ روپئے مختص کئے ۔ ہر بس اسٹانڈ پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے 66 کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ریاست بھر میں روزانہ آر ٹی سی سے 95 لاکھ اور حیدرآباد میں 35 لاکھ افراد سفر کرتے ہیں۔ بسوں میں سفر کرنے والے زیادہ تر افراد غریب طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ ریاست کے ایسے علاقے جہاں بس سرویس دستیاب نہیں ہے، وہاں نئی سرویسز کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ آر ٹی سی کی جانب سے ابھی تک 360 منی بسیں خریدی گئیں۔ ان میں سے منی اے سی بسوں کو حیدرآباد میں چلایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حادثات کی کمی میں ملک کی دیگر ریاستوں میں سرفہرست ہے۔ ریاست کو حادثات سے پاک بنانے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے جائیں گے ۔ تلنگانہ حکومت بہتر عوامی ٹرانسپورٹ سسٹم اور حادثات میں کمی کے اعتبار سے ملک کیلئے مثالی ریاست ہے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی ذاتی عمارتیں تعمیر کرتے ہوئے ان میں بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے آر ٹی سی کی ستائش کی اور کہا کہ عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی میں آر ٹی سی نے اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ آر ٹی سی کو مزید مستحکم کرتے ہوئے ملازمین کے مفادات کا تحفظ چاہتے ہیں۔