ضلع کھمم کے تلگو دیشم کے قائد اور وائی ایس آر سی پی کے ارکان اسمبلی کا قطعی فیصلہ
حیدرآباد۔/29اگسٹ، ( سیاست نیوز) کھمم ضلع کے سینئر تلگودیشم قائد تملا ناگیشور راؤ کی ٹی آر ایس میں شمولیت کی تاریخ آخر کار طئے ہوچکی ہے۔ وہ 5ستمبر کو چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی موجودگی میں ٹی آر ایس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلیں گے۔ ناگیشور راؤ کی ٹی آر ایس میں شمولیت کی اطلاعات کے ساتھ ہی صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو اور پارٹی کے دیگر تلنگانہ قائدین نے انہیں اس فیصلہ سے روکنے کی کوشش کی لیکن بتایا جاتا ہے کہ ناگیشور راؤ تلگودیشم کو خیرباد کہنے کے اپنے موقف پر قائم ہیں۔ ان کے علاوہ کھمم سے تعلق رکھنے والے دو ارکان اسمبلی کی بھی جلد ٹی آر ایس میں شمولیت کا امکان ہے۔ کھمم ضلع میں پارٹی کے کمزور موقف کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر نے دیگر جماعتوں کے اہم قائدین کی شمولیت کی مساعی کی ہے اور تملا ناگیشورراؤ کا شمار ضلع کے انتہائی بااثر قائدین میں ہوتا ہے۔ ٹی ڈی پی کے سابق رکن پارلیمنٹ ناما ناگیشورراؤ سے اختلافات کے بعد تملا ناگیشور راؤ نے ٹی آر ایس میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ 5ستمبر کو تلنگانہ بھون میں اپنے حامیوں کے ساتھ ناگیشور راؤ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ اسی طرح کھمم کے وائرا اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرنے والے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی بی مدن لال بھی ٹی آر ایس میں شامل ہوجائیں گے۔ انہوں نے پارٹی سے اپنے استعفے اور جلد ٹی آر ایس میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس سے تعلق رکھنے والے حلقہ ایلندو کے رکن اسمبلی کے کنکیا بھی توقع ہے کہ جلد ہی ٹی آر ایس میں شامل ہوجائیں گے۔ ضلع کے تین اہم قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت سے ضلع میں ٹی آر ایس کا موقف مستحکم ہوسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تملا ناگیشور راؤ کے حامی کئی تلگودیشم قائدین نے بھی ٹی آر یس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلع پریشد صدرنشین کے کویتا، ضلع کوآپریٹیو سنٹرل بینک کے صدرنشین وجئے بابو کے علاوہ کئی اہم قائدین بھی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ وائی ایس آر سی پی کے وائرا اسمبلی حلقہ کے رکن بی مدن لال نے اعلان کیا کہ وہ بہت جلد چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلنگانہ کی ترقی کے سلسلہ میں چندر شیکھر راؤ کے اقدامات سے متاثر ہیں اور وہ اپنے حلقہ کی ترقی کیلئے ٹی آر ایس میں شمولیت کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 20سرپنچ، 11ایم پی ٹی سی اور کئی ایم پی پی ارکان بھی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ اسی دوران کانگریس کے رکن اسمبلی کے کنکیا نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی۔ اگرچہ انہوں نے اس ملاقات کو حلقہ میں ترقیاتی کاموں کی منظوری کیلئے نمائندگی قرار دیا تاہم پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کنکیا نے ٹی آر ایس میں شمولیت سے اتفاق کرلیا ہے۔ ضلع کھمم میں فی الوقت ٹی آر ایس کے واحد رکن اسمبلی کی حیثیت سے سابق چیف منسٹر جلگم وینگل راؤ کے فرزند جلگم وینکٹ راؤ ہیں۔