حیدرآباد۔ 22 اپریل (این ایس ایس)تلنگانہ جنا سینا سمیتی (ٹی جے ایس) کے لیڈر پروفیسر ایم کودنڈا رام نے کہا ہے کہ تحریک تلنگانہ کے شہیدوں کی قربانیوں کی بدولت علیحدہ ریاست کا قیام ممکن ہوا ہے لیکن ٹی آر ایس حکومت ان قربانیوں کو فراموش کرچکی ہے اور شہیدان تلنگانہ کی یادگاریں تعمیر کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ کودنڈا رام سے آج یہاں ٹی جے ایس کی تاسیس سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران عوام پر زور دیا کہ 29 اپریل کو سرور نگر اسٹیڈیم میں منعقد شدنی اجلاس میں شرکت کے موقع پر شہیدان تلنگانہ کی یادگاروں کی تعمیر کیلئے دھات کے ٹکڑے اپنے ساتھ لائیں۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ تقریباً تمام جماعتوں کے ناراض قائدین کی توجہ اب ٹی جے ایس پر مرکوز ہوچکی ہے۔ ٹی جے ایس سنگارینی کالریز کے مزدوروں اور محنت کشوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے جدوجہد کرے گی۔اس ریالی میں پروفیسر کوڈنڈارام اپنی نئی سیاسی جماعت کے حکمت عملی کا اعلان کریں گے ۔ ٹی جے ایس پہلے ہی کسی سے مفاہمت کے بغیر تلنگانہ اسمبلی کے تمام حلقوں سے مقابلہ کا فیصلہ کر چکی ہے ۔