موذی مرض کے خلاف عوامی شعور بیداری پر راجہ سنگھ کا زور
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : رکن اسمبلی بی جے پی مسٹر راجہ سنگھ نے کہا کہ ہر سال دنیا بھر میں 9 ملین افراد ٹی بی جیسے مہلک مرض سے متاثر ہورہے ہیں اور ہر سال 1.5 ملین افراد ٹی بی کے عارضہ سے فوت ہورہے ہیں ۔ جس کے نتیجہ میں مرض ٹی بی عوام کی صحت کے لیے وبال جان ثابت ہورہا ہے ۔ جس پر مکمل قابو پانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ مسٹر راجہ سنگھ آج عثمانیہ میڈیکل کالج آڈیٹوریم میں منعقدہ ’ عالمی یوم ٹی بی ‘ کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب تھے ۔ انہوں نے بتایاکہ مرض ٹی بی لا علاج نہیں ہے بلکہ قابل علاج مرض ہے اور کہا کہ ساری دنیا میں زائد از 3 ملین ٹی بی کے مریض مکمل علاج پر توجہ نہیں دیتے جس کی وجہ سے اکثر و بیشتر مریض اموات کا شکار ہوا کرتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں ہر سال 30 تا 40 ہزار افراد ٹی بی کے مرض میں مبتلا ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی بی جیسے جان لیوا مرض کے مکمل خاتمہ کے لیے عوام میں شعور بیدار کرنے کی شدید ضرورت ہے ۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ ٹی بی کے علامات ظاہر ہوتے ہی فوری ڈاکٹر سے رجوع ہو کر طبی معائنہ کروالیں تاکہ مرض پر فوری طور پر قابو پالیا جاسکے اور مرض کے ظاہر ہوتے ہی ٹی بی کنٹرول کے تحت مفت دی جانے والی ادویات کا پابندی کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے علاج کو مکمل کریں ۔ انہوں نے این جی اوز سے بھی خواہش کی کہ وہ ٹی بی کے تدارک کے لیے اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں اور عوام میں احتیاطی اقدامات اور علاج سے متعلق بیداری شعور پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریں ۔ اس موقع پر پروفیسر اینڈ ہیڈ ڈپارٹمنٹ آف پلمونولوجی شاداں انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس پروفیسر ڈاکٹر سی ای پرساد نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی بی ایک قابل علاج مرض ہے ۔ بشرطیکہ کورس مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی بی پر قابو پانے نیشنل پروگرام کے تحت مختلف میڈیکل کالجس کی جانب سے پلمونولوجی ڈپارٹمنٹ میں بڑے پیمانے پر ریسرچ کی جارہی ہے تاکہ ٹی بی جیسے مہلک مرض کا بالکلیہ خاتمہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں ٹی بی کے علاج کے لیے جنگی پیمانے پر کام کیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر پرنسپل عثمانیہ میڈیکل کالج شریمتی ڈاکٹر رمنی نے مخاطب کرتے ہوئے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ کھانے پینے کی اشیاء میں احتیاط برتیں اور صاف صفائی کا خیال رکھیں تاکہ مہلک مرض سے محفوظ رہ سکیں ۔ اس موقع پر مختلف منتخبہ ملازمین کو ایوارڈس پیش کئے گئے ۔۔