کولکتہ ۔ 12 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن بائیں محاذ نے آج بربھوم کے ٹی ایم سی قائد انو برتا مونڈل کے خلاف الیکشن کمیشن میں شکایت درج کروائی ہے کہ موصوف اپنی حریف جماعتوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں اور ان کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال بھی کر رہے ہیں۔ بائیں محاذ نے ترنمول کے ایک اور لیڈر عبدالبارک بسواس کے خلاف بھی ایک شکایت درج کروائی ہے جن کا تعلق 24 پرگناس کے باسیر ہاٹ حلقہ سے ہے جہاں سے حال ہی میںریونیو انٹلیجنس ڈائرکٹوریٹ نے ان کے قبضہ سے طلائی بسکٹس ضبط کئے تھے۔
ریاگنگ میں ملوث طلباء کے خلاف ایف آئی آر
پٹن ۔ 12 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایم بی بی ایس کرنے والے آٹھ طلباء کے خلاف مبینہ طور پر اپنے 18 جونیئرس کے ساتھ ریاگنگ کرنے کا معاملہ درج کیا گیا ہے جو انہوں نے میڈیکل کالج ہاسپٹل میں کیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ تمام آٹھ طلباء کو اس واقعہ کے بعد نہ صرف کالج سے معطل کردیا گیا ہے بلکہ انہیں ہوسٹل روم خالی کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے ۔ گجرات میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سوسائٹی (GMRS) میڈیکل کالج کے ایم بی بی ایس سیکنڈ ایئر کے طلباء نے نو وارد طلباء کے ساتھ انتہائی نازیبا حرکت کرتے ہوئے انہیں نہ صرف کپڑے اتارنے پر مجبور کیا بلکہ اس عمل کی ویڈیو بھی تیار کی ۔ یہ واقعہ کالج کے ہاسٹل میں 4 مارچ کو پیش آیا۔ تمام طلباء کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔