حیدرآباد۔16مئی (سیاست نیوز)قومی سکریٹری سی پی آئی ایس سدھاکر ریڈی نے مغربی بنگال کی درالحکومت کلکتہ میںبی جے پی صدر امیت شاہ کی ریالی کے دوران پیش آئے پرتشدد واقعات کی مذمت کی۔ آج یہا ں سی پی آئی ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میںمنعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سدھاکر ریڈی نے کہاکہ مغربی بنگال میں سماجی ‘ ثقافتی انقلاب برپا کرنے والے ایشور چند ودیاساگر کی مورتی کے انہدام کی ذمہ داربھی بی جے پی او رترنمول کانگریس پر عائد ہوگی۔سدھاکر ریڈی نے کہاکہ ایک منظم سازش کے تحت مغربی بنگال میں ٹی ایم سی اور بی جے پی ایک دوسرے کے مقابل ہیںتاکہ دائیںبازو جماعتوں او رکانگریس کو مغربی بنگال میں جگہ نہ مل سکے۔ سدھاکر ریڈی نے سیاسی مفادات کے لئے مغربی بنگال کے وقار کومجروح کرنے کا بھی ٹی ایم سی اور بی جے پی پر الزام عائد کیااور مرکز میںبی جے پی او رکانگریس دونوں کی اکثریت سے محرومی کا دعوی کیا او رکہاکہ 2019کے لوک سبھا الیکشن میںعلاقائی جماعتوں کا اہم رول رہے گا جو مرکز میںبرسراقتدار آنے والی حکمران جماعت کا تعین کریں گے ۔ سدھاکر ریڈی نے کہاکہ مخلوط ایوان کی صورت میں کمیونسٹ پارٹیوں کی ترجیحات سیکولر اور ڈیموکرٹیک طاقتوں کو اقتدار پر لانا ہوگا۔