حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں 11 مئی کو منعقدہ ٹی ایس ای سیٹ 2019 ( تلنگانہ ریاستی ای سیٹ 2019 ) کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ۔ آج جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی میں صدر نشین تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم مسٹر ٹی پاپی ریڈی نے نتائج جاری کئے ۔ اس موقعہ پر صدر نشین ٹی ایس ای سیٹ 2019 مسٹر اے وینوگوپال ریڈی ، کنوینر ٹی ایس ای سیٹ 2019 پروفیسر اے گووردھن و دیگر بھی موجود تھے ۔ اس موقعہ پر مسٹر ٹی پاپی ریڈی نے بتایا کہ ٹی ایس ای سیٹ 11 مئی کو منعقد کیا گیا تھا اور صرف اندرون 11 یوم نتائج بھی جاری کئے گئے ۔ جس میں جملہ 28037 امیدواروں میں سے 27123 امیدوار ہی شرکت کیے اور 24497 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ۔ انہوں نے بتایا کہ نتائج کا فیصد 90.32 رہا ۔ مسٹر پاپی ریڈی نے مزید بتایا کہ تلنگانہ میں ٹی ایس ای سیٹ 2019 کے لیے جملہ 85 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے ۔ جن میں تلنگانہ میں 79 اور ریاست آندھرا پردیش میں چھ مراکز شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ داخلوں سے متعلق کونسلنگ کے شیڈول کو قطعیت دینے کے بعد جاری کیا جائے گا ۔۔