امیدواروں کو دیڑھ گھنٹہ قبل امتحانی مراکز پہنچ جانے کا مشورہ ، کنوینر ایمسیٹ کا بیان
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کے سرکاری و خانگی انجینئرنگ ، اگریکلچر اور فارمیسی کالجوں میں پائے جانے والے انجینئرنگ اگریکلچر اور فارمیسی کورسیس میں داخلوں کے لیے 3 تا 9 مئی ایمسیٹ 2019 منعقد ہوگا ۔ آن لائن کے ذریعہ منعقد ہونے والے اس ایمسیٹ 2019 کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ۔ کنوینر ایمسیٹ 2019 پروفیسر یادیا نے یہ بات بتائی اور کہا کہ انجینئرنگ کے لیے 3 تا 6 مئی اور 8 تا 9 مئی اگریکلچر و فارمیسی کورسیس کے لیے ٹسٹ منعقد کئے جائیں گے ۔ جب کہ ان ٹسٹوں کے اوقات صبح 10 تا دوپہر ایک بجے تک اور دوپہر 3 تا شام 6 بجے تک ہوں گے ۔ امیدوار کو اپنے اپنے امتحانی مرکز پر امتحانی وقت سے دیڑھ گھنٹہ قبل ہی پہونچ جانا چاہئے ۔ پروفیسر یادیا نے مزید بتایا کہ ایمسیٹ انجینئرنگ کورسیس کے لیے جملہ 1,42,218 امیدواروں نے اگریکلچر و فارمیسی کورسیس کے لیے جملہ 74,981 امیدواروں نے اور اگریکلچر و فارمیسی دونوں کورسوں کے لیے 235 امیدواروں نے درخواستیں پیش کئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ان ٹسٹوں کے لیے ریاست تلنگانہ میں جملہ 83 امتحانی مراکز اور ریاست آندھرا پردیش میں 11 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ پروفیسر یادیا نے امیدواروں کو امتحانی مراکز میں ہال ٹکٹ ، آن لائن پیش کئے ہوئے درخواست فارم کے علاوہ بلاک یا بلو پین بہر صورت ساتھ رکھنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ امتحانی مرکز میں امیدوار ضرور بائیو میٹرک انگلیوں کے نشان لگانا چاہئے بصورت دیگر امیدوار کو امتحان میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ بلکہ امیدوار کی غیر حاضری بھی تصور کی جاسکتی ہے ۔ کنوینر نے ایمسیٹ میں شرکت کرنے والے امیدواروں سے ویب سائٹ میں پائے جانے والے ’ ماک ٹسٹ ‘ کی مدد سے اپنی معلومات حاصل کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔۔