ٹی ایس آر ٹی سی کے 4001 کنٹراکٹ ملازمین کو باقاعدہ بنانے کا فیصلہ

حیدرآباد/19 جون ( این ایس ایس ) حکومت تلنگانہ نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اپنے آر ٹی سی کے 4001 کنٹراکٹ ملازمین کو باقاعدہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں متعلقہ عہدیداروں نے احکامات جاری کئے ہیں ۔ قبل ازیں چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ نے 44 فیصد فٹمنٹ اضافہ کا فیصلہ کرتے ہوئے آر ٹی سی ملازمین کو خوشی اور راحت فراہم کی تھی ۔ آندھراپردیش حکومت نے اپنے ملازمین کو 43 فیصد فٹمنٹ کا اعلان کیا تھا اس کے جواب میں چیف منسٹر کے سی آر نے 44 فیصد کردیا تھا ۔ چیف منسٹر کے اقدام پر عمل کرتے ہوئے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے آج اپنے کنٹراکٹ ملازمین کو باقاعدہ بنانے کے احکام جاری کئے ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق 2376 ڈرائیورس اور 1625 کنڈکٹرس کے بشمول تمام کنٹراکٹ ملازمین کو گذشتہ 14 مئی سے باقاعدہ کیا جائے گیا ۔ ٹی ایس آر ٹی سی جوائنٹ منیجنگ ڈائرکٹر رمنا راؤ نے اس خصوص میں یہ احکام جاری کئے ۔ مرکز اور انتظامیہ کے درمیان سابق حکومتوں کے طرز عمل کے مطابق ہی احکام جاری کئے گئے ہیں ۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے حال ہی میں ریاست کے آر ٹی سی ملازمین کے بشمول کنٹراکٹ ورکرس کو باقاعدہ بنانے کا وعدہ کیا تھا ۔ ٹی ایس آر ٹی سی کے جوائنٹ منیجنگ ڈائرکٹر رمنا راؤ کے یہ احکام حکومت کے وعدہ کے مطابق ہیں ۔مزدور یونین نے فیصلہ کا خیرمقدم کیا