ٹی ایس آر ٹی سی کے نقصانات میں کمی کیلئے ورکرس کا اہم رول

وزیر ٹرانسپورٹ پی مہندر ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 22 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی نے آج کہا کہ ٹی ایس آر ٹی سی کے ورکرس کی اچھی خدمات اور ذمہ داری کے احساس کے باعث کارپوریشن کے نقصانات 31 کروڑ تک کم ہوئے ہیں ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 23 ڈپوز منافع میں ہیں اور 59 ڈپوز کو مزید نقصانات سے دوچار ہونے سے بچایا گیا ہے ۔ وہ عہدیداروں کے ساتھ کارپوریشن کے امور پر ایک جائزہ اجلاس منعقد کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ورکرس کے اس احساس ذمہ داری کے باعث کارپوریشن کی ساکھ میں قومی سطح پر اضافہ ہوا ہے اور اسے ایوارڈس حاصل ہوئے ہیں ۔ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر جی وی رمنا راؤ کو ایوارڈ کے حصول پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ریاستی بجٹ میں ٹی ایس آر ٹی سی کی ترقی کے لیے 1000 کروڑ روپئے مختص کیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر چھوٹے گاؤں میں پلے ویلگو پروگرام کے تحت بسیں چلا رہی ہے اور اس پروگرام میں نقصانات ہونے کے باوجود اسے جاری رکھا گیا ہے کیوں کہ اس سے عام آدمی کو ٹرانسپورٹ سہولت حاصل ہورہی ہے اور وہ اس سے مستفید ہورہے ہیں ۔ وزیر موصوف نے اس موقع پر T24 Ticket پر ایک سی ڈی کا آغاز کیا ۔ جو طویل فاصلہ کے مسافرین کے لیے فائدہ مند ہے ۔۔