ٹی ایس۔آئی سیٹ 2018کے ضمن میں تمام انتظامات مکمل

23 اور 24 مئی کو انعقاد ‘ 62ہزار سے زائد امیدواروں کی شرکت متوقع

حیدرآباد ۔21مئی ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں تعلیمی سال 2018-19ء کے دوران ایم سی اے اور ایم بی اے کورسیس میں داخلوں کیلئے منعقد کئے جانے والے ’’ ٹی ایس ۔ آئی سیٹ 2018‘‘ کے سلسلہ میں تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ کنوینر ٹی ایس آئی سیٹ پروفیسر کاکتیہ یونیورسٹی مسٹر ایم سبرامنیا شرما نے یہ بات کہی اور بتایا کہ ٹی ایس آئی سیٹ 2018ء ‘ 23اور24 مئی کو منعقد ہوگا ۔ اس ٹسٹ میں جملہ 62,400 امیدوار شرکت کرنے کی توقع ہے ۔ انہوں نے امیدواروں سے اپنے ہال ٹکٹس ڈاؤن لوڈ کرلینے کی خواہش کی ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال تقریباً 73 ہزار درخواستیں وصول ہوئی تھیں ۔ اس طرح گذشتہ سال کی درخواستوں سے تقابل کیا جائے تو تقریباً 11,000 درخواستیں کم داخل ہوئیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی آیس آئی سیٹ 2018ء کیلئے ریاست تلنگانہ میں جملہ 58 امتحانی مراکز اور ریاست آندھراپردیش میں بھی دو امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ ان دو امتحانی مراکز وشاکھاپٹنم اور وجئے واڑہ میں قائم کئے گئے ۔ کنوینر ٹی ایس آئی سیٹ نے بتایا کہ اس مرتبہ پہلی بار آئی سیٹ کا آن لائن انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ اس طرح 23مئی کو صبح 10بجے تا دوپہر 12:30 تک اور دوپہر 2:00بجے تا 4:30 تک اور 24مئی کو صبح 10بجے تا شام 12:30 دوپہر تک آئی سیٹ کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ امتحان کے مقررہ اوقات سے ایک منٹ بھی تاخیر سے آنے والے امیدواروں کو امتحان میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ کنوینر آئی سیٹ نے مزید بتایا کہ ویب سائیٹ سے ڈاؤن لوڈ کردہ ہال ٹکٹ پر امیدوار اپنی فوٹو چسپاں کر کے فوٹو پر گزیٹیڈ عہدیدار کی دستخط کروانا لازمی ہے ۔ علاوہ ازیں اپنا کوئی بھی شناختی کارڈ ساتھ لانا ہوگا ۔ پروفیسر سبرامنیا شرما کنوینر ٹی ایس آئی سیٹ 2018 نے مزید بتایا کہ امتحان میں مکمل طور پر شفافیت پیدا کرنے کے مقصد سے ہی اس مرتبہ پہلی بار آن لائن امتحان کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ ماہ 7جون کو ٹی ایس آئی سیٹ 2018ء کے نتائج کا اعلان کردیا جائے گا ۔