ٹی آر ایس کے وعدوں کے مطابق عمل یقینی

تلنگانہ میں ٹی آرا یس کی پہلی حکومت، محمد محمود علی ایم ایل سی ٹی آر ایس کا بیان
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل مسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ ٹی آر ایس کو اسمبلی کے 65 اور لوک سبھا کے 9 تا 10 حلقوں پر کامیابی حاصل ہوگی ۔ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی پہلی حکومت قائم ہوگی ۔ مسلمانوں سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے ۔ وقف بورڈ کو جہاں عدالتی اختیارات دئیے جائیں گے وہی اردو کو اس کا جائز مقام دیا جائے گا ۔ مسٹر محمد محمود علی نے سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے عوام نے ٹی آر ایس اور مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ عوام نے تلنگانہ کی کامیاب تحریک چلاتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے لیے مرکز پر دباؤ بنانے والی ٹی آر ایس کو ہی اپنا ووٹ دیا ہے ۔ ٹی آر ایس تلنگانہ میں کم از کم 65 اسمبلی حلقوں پر آسانی سے کامیابی حاصل کریں گے ۔ مزید 10 ایسے حلقے ہیں جہاں سے ٹی آر ایس کی کامیابی کے روشن امکانات ہیں ۔ 9 تا 10 لوک سبھا حلقوں پر ٹی آر ایس کے امیدوار کامیاب ہوں گے ۔ سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نئی ریاست کے پہلے چیف منسٹر ہوں گے اور وزارت اقلیتی بہبود کا قلمدان ان کے قبضے میں ہوگا ۔ مسلمان کو ڈپٹی چیف منسٹر اور 12 فیصد تحفظات کے علاوہ دوسرے جتنے بھی وعدے کئے گئے ہیں ان پر مکمل عمل آوری ہوگی اور مسلمانوں کے لیے سنہری دور کا احیاء ہوگا ۔ تین ماہ میں وقف بورڈ کو عدالتی موقف دیا جائے گا ۔ وقف جائیدادوں کے تحفظ اور نگرانی کے لیے پولیس کا کنٹرول دیا جائے گا اور وقف جائیدادوں کو ترقی دیتے ہوئے آمدنی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔ اقلیتی بہبود کا بجٹ 1000 کروڑ روپئے کرتے ہوئے مکمل اجرائی اور اسکیمات پر عمل آوری کے لیے خصوصی نگرانی رکھی جائے گی ۔ اقلیتوں کی بیروزگاری کو دور کرنے کے لیے نئے نئے اسکیمات جاری کئے جائیں گے اور قرض کی اجرائی میں جو بھی مسائل ہیں ان تمام کو دور کیا جائے گا ۔ وعدے کے مطابق مسلمانوں کو تعلیم اور روزگار میں 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کے لیے اسمبلی میں بل منظور کرتے ہوئے کیرالا اور تاملناڈو کے طرز پر تلنگانہ میں بھی مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں گے ۔ اردو زبان کو اس کا مستحق مقام دیا جائے گا ۔ مساجد کے امام اور موذن کو وقف بورڈ کے ذریعہ ماہانہ معاوضہ ادا کیا جائے گا ۔ مکانات اور اراضیات کی تقسیم میں مسلمانوں سے انصاف کیا جائے گا ۔ عمر رسیدہ افراد اور بیواؤں میں 1000 روپئے وظیفہ دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ عوام کی نبض جانتے ہیں ۔ تلنگانہ ریاست کی ترقی اور عوام کی بہبود کے لیے انہوں نے پہلے ہی ایجنڈا تیار کرلیا ہے ۔۔