ٹی آر ایس کی سیاسی قحبہ گری کیخلاف کانگریس کی حکمت عملی : سمپت کمار

حیدرآباد 26 مئی (این ایس ایس) کانگریس کے رکن اسمبلی سمپت کمار نے اپنی پارٹی کے ساتھی اور ونپرتی کے رکن اسمبلی جی چناریڈی پر حملہ کرنے والوں کی فی الفور گرفتاری کے لئے ریاستی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ حکمراں ٹی آر ایس کی طرف سے جاری ’سیاسی قحبہ گری‘ کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے کانگریس بہت جلد ایک نئی حکمت عملی تیار کرے گی۔ سمپت کمار نے گاندھی بھون میں آج اپنی پارٹی کے قائدین سے خطاب کے دوران ایم ایل سی انتخابات کی حکمت عملی پر بھی اظہار خیال کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر کے جانا ریڈی ایم ایل سی انتخابات کی حکمت عملی کو قطعیت دیں گے۔ سمپت کمار نے مزید کہاکہ پہلے اور دوسرے ترجیحی ووٹوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانگریس کے چند ارکان اسمبلی و ارکان قانون ساز کونسل نے جی چناریڈی پر ٹی آر ایس کارکنوں کے حملہ کے خلاف بطور احتجاج سکریٹریٹ کے گھیراؤ کی تجویز پیش کی تھی جس کی جانا ریڈی نے مخالفت کی۔ بعدازاں اِس ضمن میں گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کرتے ہوئے نمائندگی کا فیصلہ کیا گیا۔