ٹی آر ایس کی خاندانی حکمرانی کے خلاف عوامی فیصلہ: آر سی کنتیا

حیدرآباد۔24 مئی (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا نے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے کے سی آر کی غیر جمہوری حکمرانی کو مسترد کردیا ہے۔ منتخب ارکان اسمبلی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے آر سی کنتیا نے کہا کہ تلنگانہ میں عوام نے اپنے فیصلے کے ذریعہ کے سی آر کی خاندانی اور غیر جمہوری حکمرانی پر جواب دیا ہے۔ اسمبلی انتخابات کے بعد کانگریس پارٹی کے موقف میں دن بہ دن استحکام حاصل ہوا ہے اور کانگریس کارکن مزید جدوجہد کے لیے تیار ہیں۔ کے سی آر نے 16 نشستوں پر کامیابی کا دعوی کیا تھا لیکن عوام نے ان کے غور و تکبر کو شکست دیتے ہوئے پارٹی کو سنگل ڈیجٹ پر لا کھڑا کیا ہے۔ آر سی کنتیا نے کہا کہ کم از کم کے سی آر کو اس شکست کے بعد اپنے رویہ اور طرز حکمرانی میں تبدیلی لانی چاہئے۔ کانگریس پارٹی نے 8 لوک سبھا حلقوں میں سخت مقابلہ کیا اور تین میں کامیابی حاصل کی جبکہ دو حلقوں میں معمولی فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے دن رات محنت کے ذریعہ امیدواروں کو کامیاب بنایا۔