ٹی آر ایس کی این ڈی اے میں شمولیت کی فی الحال کوئی تجویز نہیں

راجیہ سبھا میں عددی طاقت میں اضافہ کیلئے پارٹیوں سے تائید کا حصول : مرلیدھر راؤ

حیدرآباد ۔ 23 مئی (سیاست نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی نے کہا کہ مرکز کی این ڈی اے حکومت میں ٹی آر ایس کی شمولیت سے متعلق فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی ٹی آر ایس کی این ڈی اے حکومت میں شمولیت پر قیاس آرائیاں ختم ہوگئی ہیں۔ بی جے پی کے جنرل سکریٹری مسٹر پی مرلیدھر راؤ ادعا کیا کہ یہ حقیقت ہیکہ بی جے پی راجیہ سبھا میں اپنے عددی طاقت میں اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کیلئے مختلف پارٹیوں بشمول ٹی آر ایس سے تائید حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ این ڈی اے میں ٹی آر ایس کی شمولیت سے متعلق ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں بی جے پی اہم اپوزیشن کا رول ادا کرنے کی خواہاں ہے۔ پی مرلیدھر راؤ نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ کی دختر و رکن پارلیمنٹ کے کویتا کی جانب سے این ڈی اے میں شمولیت سے متعلق بیان پر کہا کہ بی جے پی ہو یا پھر ٹی آر ایس کے ہاں فی الحال اس طرح کی کوئی تجویز زیرغور نہیں ہے جبکہ آندھراپردیش ریاست کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش کی حکومت کو بی جے پی کی بھرپور تائید و حمایت ہے جس کے ذریعہ سے ریاست میں بی جے پی کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔ حکومت آندھراپردیش کی جانب سے صدر مقام کی تعمیر کیلئے حصول اراضی پر انہوں نے کہا کہ یہ کافی مسائل سے دوچار ہے۔ تاہم صدر مقام کی تعمیر کیلئے اراضی کی ضروررت ہے اگر اس ضمن میں کسانوں یا پھر عوام سے کوئی شکایتیں ہوں تو بی جے پی اس کی سماعت کرے گی۔