حیدرآباد۔/23اپریل، ( سیاست نیوز) برسر اقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے پلینری سیشن کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ کل 24اپریل کو 11بجے دن لال بہادر اسٹیڈیم میں پلینری سیشن کا آغاز ہوگا۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل اور ٹی آر ایس حکومت کے قیام کے بعد پارٹی کا پہلا پلینری سیشن ہے جس کے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور مختلف وزراء نے آج پلینری سیشن کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ مندوبین کے اجلاس میں تلنگانہ کے 10اضلاع سے 70ہزار قائدین اور کارکنوں کی شرکت کا امکان ہے۔ پلینری سیشن کے سلسلہ میں حیدرآباد کے اہم راستوں کو ٹی آر ایس کی خیرمقدمی کمانوں، پوسٹرس، بیانرس، فلیکسی اور پرچموں کے ذریعہ گلابی رنگ میں رنگ دیا گیا ہے۔ مندوبین کا اجلاس لال بہادر اسٹیڈیم میں ہوگا جبکہ طعام کے انتظامات نظام کالج گراؤنڈ پر کئے گئے ہیں۔ جمعہ کو مندوبین کا سیشن 11بجے دن تا 7بجے شام جاری رہے گا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اجلاس کے آغاز اور اختتام پر خطاب کریں گے۔ پارٹی کی جانب سے 12قراردادیں پیش کی جائیں گی جن میں سیاسی قرارداد کے علاوہ حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات سے متعلق قرارداد بھی شامل ہوگی۔ تلنگانہ کے 10اضلاع سے تعلق رکھنے والے مواضعات، منڈل اور ضلع کمیٹیوں کے ارکان مندوبین کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ ہر اسمبلی حلقہ سے 300کارکنوں کی شرکت کا امکان ہے۔ سیشن کیلئے خصوصی اسٹیج تیار کیا گیا ہے جس پر پارٹی کے23اہم قائدین کیلئے نشستیں رکھی گئی ہیں۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ 11:30بجے دن چیف منسٹر مندوبین سے خطاب کریں گے اور تقریباً دیڑھ گھنٹے تک ان کا خطاب رہے گا جس کے بعد پارٹی کے ریاستی صدر کی حیثیت سے چندر شیکھر راؤ کے انتخاب کا اعلان کیا جائے گا۔ مختلف قائدین 12قراردادیں پیش کریں گے۔ ہر قرارداد کے بعد اس پر مباحث ہوں گے۔ شام 7بجے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا اختتامی خطاب ہوگا۔