وزیر صحت لکشما ریڈی اور جی ویویک نے پلینری انتظامات کا جائزہ لیا
حیدرآباد۔26 اپریل (سیاست نیوز) وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس پلینری سیشن میں قومی اور ریاستی سطح کے کئی اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ ڈاکٹر لکشما ریڈی نے آج رکن پارلیمنٹ ملا ریڈی اور حکومت کے مشیر جی ویویک کے ہمراہ کوم پلی میں پلینری سیشن کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے لکشما ریڈی نے کہا کہ پلینری سیشن کے انتظامات مکمل ہوچکے ہیں۔ ریاست کے 31 اضلاع سے 15 ہزار سے زائد مندوبین دن بھر جاری رہنے والے سیشن میں شرکت کریں گے۔ مختلف ممالک سے ٹی آر ایس کے ہمدرد بھی خصوصی مدعو کے طور پر حصہ لیں گے۔ لکشما ریڈی نے کہا کہ گرمی اور دھوپ کے پیش نظر مندوبین کو چھانچ، انبیل اور پانی فراہم کیا جائے گا۔ خصوصی ہیلتھ کیمپ بھی قائم کیا جارہا ہے جس میں ڈاکٹرس دستیاب رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے تلنگانہ ریاست کے لیے جس طرح جدوجہد کی اسی طرح تلنگانہ ریاست کی ترقی کے لیے دن رات مصروف ہیں۔ انتہائی کم مدت میں تلنگانہ میں ترقی اور فلاحی اقدامات میں ملک میں پہلا مقام حاصل کرلیا ہے۔ لکشما ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی تعمیر جدید اور ہر شخص کے چہرے پر خوشی کے سی آر کا مقصد ہے۔ تمام طبقات کی یکساں ترقی کے اقدامات کیے گئے۔ ملک کی کوئی اور ریاست فلاحی اقدامات کی مثال پیش نہیں کرسکتی۔ گزشتہ چار برسوں میں عمل کی گئی اسکیمات پر پلینری سیشن میں مباحث ہوں گے اور مستقبل کے پروگراموں پر مندوبین سے رائے حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے مندوبین اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں اپنے تجربات بیان کریں گے۔ لکشما ریڈی نے کہا کہ پلینری سیشن کا مقصد عوام کو حکومت کی اسکیمات سے آگاہ کرنا اور حقیقی مستحقین کو اسکیمات کے فوائد پہنچانا ہے۔ مواضعات اور منڈل سطح سے مندوبین پلینری میں شرکت کریں گے۔ مندوبین کے کھانے کے لیے وسیع تر انتظامات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزراء پر مشتمل کمیٹی انتظامات کی نگرانی کررہی ہے۔ سینکڑوں کی تعداد میں والنٹرس کو تعینات کیا گیا ہے۔