11 اور 12 اکٹوبر کو انعقاد، علیحدہ کمیٹیوں کا قیام، جلسہ عام میں تقریباً 10 لاکھ افراد کی شرکت متوقع
حیدرآباد 5 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی جانب سے 11 اور 12 اکٹوبر کو شہر میں ٹی آر ایس پلینری اجلاس کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ اِس اجلاس کے لئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے بڑے پیمانے پر تیاریوں کا آغاز کردیا ہے اور مختلف اُمور کی انجام دہی کے لئے سرکردہ قائدین کی نگرانی میں علیحدہ علیحدہ کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے۔ دو روزہ پلینری سیشن کے سلسلہ میں صدر ٹی آر ایس مسٹرکے چندرشیکھر راؤ چیف منسٹر تلنگانہ نے پارٹی قائدین کو خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔ 11 اکٹوبر کو پلینری سیشن کا پہلا اجلاس پارٹی کارکنوں و قائدین کے لئے فتح میدان لال بہادر اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔ اِس اجلاس میں تلنگانہ کے ہر اسمبلی حلقہ سے کم از کم 300 کارکن و قائدین شرکت کریں گے۔ دن بھر کے اِس اجلاس میں پارٹی کو بوتھ واری اساس پر مستحکم بنانے کے لئے حکمت عملی طے کی جائے گی اور پارٹی قائدین و کارکنوں سے تجاویز طلب کرتے ہوئے اُنھیں قابل عمل بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ 12 اکٹوبر کو پریڈ گراؤنڈ میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں پارٹی نے زبردست طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے بموجب اِس جلسہ عام میں کم از کم 10 لاکھ افراد کی شرکت کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اِس خصوص میں پارٹی کے تمام سرکردہ قائدین بالخصوص مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود پارٹی قائدین کو اِس بات کی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ منڈل واری اور بوتھ واری اساس پر پارٹی کو مستحکم کرتے ہوئے 11 اور 12 اکٹوبر کو حیدرآباد میں منعقد ہونے والے پلینری سیشن کو کامیاب بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھیں۔ سینئر پارٹی قائد مسٹر کے کیشو راؤ کی قیادت میں پارٹی نے پلینری سیشن کے لئے قراردادوں کی تیاری کے متعلق ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں ارکان پارلیمنٹ مسٹر کڈیم سری ہری، مسٹر بی ونود کمار کے علاوہ مسٹر کے آر آرموس، مسٹر بی وینکٹیشورلو، مسٹر سنگی ریڈی نرنجن ریڈی، جناب محمد فریدالدین، مسٹر وینو گوپال چاری، مسٹر این لکشمن کے علاوہ مسٹر بھیم سین شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پلینری اجلاس کے لئے شہر کو خصوصی طور پر سجانے کے مقصد سے تیار کردہ کمیٹی کی نگرانی مسٹر کے پربھاکر ریڈی کو تفویض کی گئی ہے جس میں مسٹر مجیب، مسٹر ڈی رام موہن، مسٹر اعظم علی، مسٹر راملو نائک کے علاوہ دیگر شامل ہیں۔ رکن پارلیمنٹ جتندر ریڈی کی قیادت میں فوڈ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں جناب الحاج محمد سلیم رکن قانون ساز کونسل، مسٹر جگدیشور ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین شامل ہیں۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے ٹی آر ایس پارٹی قائدین و کارکنوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ 11 اور 12 اکٹوبر کو منعقد ہونے والے پلینری اجلاس کو کامیاب بنانے کیلئے ابھی سے متحرک ہوجائیں تاکہ عظیم الشان پیمانہ پر برسر اقتدار جماعت کی طاقت کا مظاہرہ کیا جاسکے۔